پی ڈی پی لیڈر وحید پرہ 15دن کیلئے این آئی اے کی تحویل میں

پی ڈی پی لیڈر وحید پرہ 15دن کیلئے این آئی اے کی تحویل میں
سرینگر//پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی(پی ڈی پی) کے لیڈر وحید الرحمان پرہ کو جمعہ کے روز 15دن کیلئے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی تحویل میں دے دیا گیا۔پرہ کو ایجنسی نے بدھ کے روز دہلی میں جنگجووں کے ساتھ ساز باز کرنے کی پاداش میں گرفتار کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق پرہ کو آج جموں لاکر این آئی اے کی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا جہاں اُس پر الزام عائد کیا گیا کہ اُس کے عرفان شفیع میر کے ساتھ” قریبی روابط“ تھے۔میر کو رواں برس کے اوائل میںنوید بابو نامی جنگجو کے ہمراہ اُس وقت گرفتار کیا گیا تھاجب سابق پولیس آفیسردیوندر سنگھ دونوں کو وادی سے باہر لیجارہا تھا۔
پرہ کو گرفتاری کے اگلے روز یعنی جمعرات کو دلی کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا جہاں این آئی اے نے اُسے جموں کی عدالت میں پیش کرنے کیلئے ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کی۔
ذرائع کے مطابق دیوندر سنگھ کیس کی تحقیقات کے دوران این آئی اے کو پرہ اور میر کے ٹیلی فون رابطے کے بارے میں پتہ چلا ہے۔میر نے پوچھ تاچھ کے دوران اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ پرہ نے 2019پارلیمانی انتخابات کے دوران اُن سے پارٹی اُمیدوار محبوبہ مفتی کیلئے حمایت طلب کی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.