سوپورمیں دو ملی ٹینٹ مارے گئے، بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد :آئی جی کشمیر

سوپورمیں دو ملی ٹینٹ مارے گئے، بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد :آئی جی کشمیر

سری نگر:آئی جی کشمیر ودھی کمار بردی نے جمعے کے روز کہاکہ سوپور تصادم میں دو دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کو پر امن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیوں نے تمام تر تیاریاں مکمل کی ہیں۔
ان باتوں کا اظہارآئی جی پی نے سوپور میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جمعرات کی شام سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد وار پورہ سوپور گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا:’ تلاشی آپریشن کے دوران علاقے میں محصور ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران رات بھر شدید گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔‘
آئی جی کشمیر نے کہاکہ جمعے کی صبح سیکورٹی فورسز نے علاقے میں محصور دو ملی ٹینٹوں کو مار گرایا جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ مہلوکین میں سے ایک کی شناخت سیف اللہ کے بطور ہوئی ہے تاہم اس حوالے سے مزید ثبوت و شواہد اکھٹے کئے جارہے ہیں۔
آئی جی پی نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی مستعدی کی وجہ سے مطلوب دہشت گردوں کو مار گرایا گیا ہے۔
الیکشن کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں آئی جی کشمیر نے کہاکہ پارلیمانی چناو کو پر امن طور پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر تمام تر انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.