مصرمیں ایک مصروف شاہراہ پر فیول ٹینکر کے حادثے کے بعد لگنے والی آگ میں 31 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے ہیں۔مصر کی وزارتِ صحت کے مطابق قاہرہ میں ایک مصروف شاہراہ پر فیول ٹینکر کے حادثے کے بعد لگنے والی آگ میں 31 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ حادثہ پرانے شہر کے مرکز کے شمال میں واقع الوراق کے علاقے میں رنگ روڈ کے ایک حصے پر پیش آیا۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں آگ کے بڑے شعلے اور سیاہ دھواں رات کے آسمان کی طرف بلند ہوتے دکھائی دیے، جبکہ قریب کھڑی متعدد گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہو گئیں۔
حکام نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ آگ کیسے بھڑکی، تاہم سرکاری میڈیا کے مطابق ٹینکر الٹ گیا تھا، جس کے باعث قریب موجود گاڑیوں پر پٹرول پھیل گیا۔بیان کے مطابق ابتدائی اندازوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ کاروں اور موٹر سائیکلوں سمیت 27 گاڑیاں جل گئی ہیں، جب کہ نقصانات کا اندازہ لگانے اور حادثے کی وجوہات اور اس کی ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے کام جاری ہے۔
علاقائی سرکاری پراسیکیوٹر نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور ہلاک ہونے والوں کی لاشوں سے ڈی این اے نمونے لینے کی ہدایت کی ہے۔بدھ کی شام پیش آنے والے اس واقعے کے بعد قریبی ہسپتالوں میں جلنے اور دھواں سانس میں جانے سے متاثر ہونے والے افراد کا علاج کیا گیا۔
سرکاری اخبار الاہرام نے تحقیقات سے آگاہ ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ نجی ٹھیکیدار کی ملکیت یہ ٹینکر شاہراہ پر سفر کر رہا تھا جب ایک ہائی وولٹیج کیبل اس کے سامنے آ گری، جس کے نتیجے میں ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا۔اخبار کے مطابق اس کے بعد ٹینکر درمیانی حفاظتی پٹی عبور کر کے الٹ گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔
واقعے کی تصاویر میں آگ بجھائے جانے کے بعد شاہراہ پر لوگوں کا بڑا ہجوم دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ امدادی اداروں نے داخلی راستے بند کر رکھے تھے۔وزارتِ صحت نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے اور متاثرین کی مدد کے لیے 39 ایمبولینسیں روانہ کی گئیں۔ وزارت نے مصر کے وزیرِ صحت کی تصاویر بھی جاری کی ہیں جن میں وہ قاہرہ کے ایک ہسپتال میں زخمیوں کے علاج کی نگرانی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ مصر میں حالیہ برسوں کے دوران آتشزدگی کے کئی مہلک واقعات پیش آ چکے ہیں۔مصر میں ٹریفک حادثات بھی عام ہیں، جن کی ایک وجہ گاڑیوں اور سڑکوں کی ناکافی دیکھ بھال اور ٹریفک قوانین کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزی کو قرار دیا جاتا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال مصر کی سڑکوں پر تقریباً 6,000 افراد ہلاک ہوئے، جو اس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں کئی سو زیادہ ہیں۔سرکاری نشریاتی ادارے این ایم اے کے مطابق امدادی عملے نے بعد ازاں شاہراہ کو صاف کر کے دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا۔اس سے قبل جائے وقوع پر ایک بلڈوزر کو جل کر تباہ ہونے والی گاڑیوں کا ملبہ ہٹاتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔





