جمعرات, نومبر 26, 2026
5.2 C
Srinagar

وادی کشمیر شدید سردی کی لپیٹ میں، سری نگر میں مسلسل دوسری رات پارہ منفی 1.9 ڈگری تک گر گیا

سرینگر: وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے برقرار رہنے کے باعث بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر جاری ہے۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سری نگر میں مسلسل دوسرے روز رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.9 ڈگری سیلسیس پر برقرار رہا۔ دوسری جانب وادی کے بعض علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں معمولی بہتری بھی دیکھنے کو ملی ہے، تاہم مجموعی طور پر سردی کی شدت میں کوئی خاص کمی نہیں آئی۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق جنوبی کشمیر کے معروف سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں پارہ منفی 1.6 ڈگری تک گر گیا۔ قاضی گنڈ میں منفی 2 ڈگری، گلمرگ میں ایک ڈگری اور کوکرناگ میں صفر ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔ شوپیاں بھی وادی کے سرد ترین علاقوں میں شامل رہا۔

ادھر خطہ جموں میں نسبتاً بہتر موسمی صورتحال رہی، جہاں جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 10.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ کٹرہ میں 9.8، بانہال میں 7.3، بٹوت میں 6.8 جبکہ بھدرواہ میں 3 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ وادی میں سردی کی شدت کے پیش نظر وزیر تعلیم شمیمہ فردوس نے پرائمری جماعتوں کے لیے یکم دسمبر سے سرمائی تعطیلات شروع کرنے کا عندیہ دے رکھا ہے۔ اس سلسلے میں والدین، طلبہ اور تعلیمی حلقوں کی نظریں محکمہ تعلیم کے باضابطہ اعلان پر مرکوز ہیں۔

محکمہ موسمیات کے تازہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ وادی کے متعدد علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کے باعث سردی کی لہر برقرار ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں سرد موسم کے پیش نظر لوگوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img