سرینگر: جموں و کشمیر کرائم برانچ کی اکنامک آفنسز ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے شمالی ضلع بانڈی پورہ میں جعلی تعلیمی اسناد کے ذریعے سرکاری ملازمت حاصل کرنے کی کوشش کے معاملے میں جعلسازی ثابت ہونے کے بعد دو خواتین سمیت تین افراد کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔
کرائم برانچ کے مطابق تینوں ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے محکمہ امورِ صارفین و عوامی تقسیم (فوڈ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افیئرز) میں کلاس فور اسامیوں پر بھرتی کے لیے اپنے تعلیمی اسناد میں نمبروں کی جعلسازی کرکے انہیں اصل سے زیادہ ظاہر کیا تھا۔ یہ بھرتی سال 2017 میں جاری اشتہار کے تحت عمل میں لائی جا رہی تھی۔
اس معاملے کی تحقیقات اس وقت شروع کی گئی تھیں جب ضلع بانڈی پورہ کے بعض محروم امیدواروں نے شکایت درج کرائی کہ تین امیدواروں نے مبینہ طور پر اسکین شدہ اور ردوبدل شدہ تعلیمی اسناد جمع کرکے بھرتی عمل میں ناجائز فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم زاہد مجید میر نے دسویں جماعت کے اپنے اصل 500 میں سے 359 نمبروں کو بڑھا کر 420 جبکہ بارہویں جماعت کے 500 میں سے 295 نمبروں کو 393 ظاہر کیا تھا۔
اسی طرح ملزمہ الفت جان نے دسویں جماعت کے اصل 185 نمبروں کو بڑھا کر 336 اور بارہویں جماعت کے 750 میں سے حاصل کردہ 297 نمبروں کو 492 ظاہر کیا تھا۔
تیسری ملزمہ رقیہ اختر کے دسویں جماعت کے اصل 261 نمبروں کو بڑھا کر 405 دکھایا گیا، جبکہ بارہویں جماعت کی مبینہ سند، جس میں 750 میں سے 629 نمبر درج تھے، بھی جعلی پائی گئی۔ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (جے کے بی او ایس ای) نے تصدیق کی کہ مذکورہ امیدوار نے بارہویں جماعت کا امتحان ہی نہیں دیا تھا۔
کرائم برانچ کے مطابق فرانزک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی رپورٹ میں بھی اسناد کی جعلسازی کی تصدیق ہوئی ہے۔ تحقیقات کے دوران جمع کیے گئے شواہد کی بنیاد پر تینوں ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی، جعلسازی اور جعلی دستاویزات کو اصلی ظاہر کرکے استعمال کرنے سے متعلق دفعات کے تحت الزامات ثابت ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 62/2021 کے تحت دفعہ 420، 467، 468 اور 471 آر پی سی کے تحت چارج شیٹ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ بانڈی پورہ کی عدالت میں پیش کر دی گئی ہے، جہاں اب معاملے کی عدالتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





