منگل, نومبر 24, 2026
10 C
Srinagar

جموں بس اسٹینڈ پر دیر رات چھاپہ، 1.70 لاکھ روپے مالیت کا 850 کلو پنیر ضبط

جموں، 24 نومبر: فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) جموں و کشمیر نے جموں بس اسٹینڈ پر دیر رات کی گئی کارروائی کے دوران تقریباً 1.70 لاکھ روپے مالیت کا 850 کلو گرام پنیر ضبط کیا۔ یہ کارروائی اشیائے خوردونوش کی حفاظت سے متعلق مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی سامنے آنے کے بعد عمل میں لائی گئی۔

یہ معائنہ ڈپٹی کمشنر فوڈ سیفٹی جموں کی نگرانی میں ایف ڈی اے کی ٹیم نے انجام دیا۔ انفورسمنٹ ٹیم کی جانب سے برآمد کی گئی دستاویزات کے مطابق پنیر کی یہ کھیپ مبینہ طور پر پنجاب سے منتقل کی جا رہی تھی۔

معائنے کے دوران حکام نے پایا کہ پنیر کی کھیپ کو درجہ حرارت برقرار رکھنے کے مناسب انتظامات کے بغیر منتقل کیا جا رہا تھا، جبکہ خراب ہونے والی غذائی اشیاء پر لیبل لگانے سے متعلق مقررہ ضوابط کی بھی خلاف ورزی کی گئی تھی۔ یہ ضوابط فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد و ضوابط میں درج ہیں۔

خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے فوڈ سیفٹی ٹیم نے پوری کھیپ ضبط کر لی اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ پنیر کی منتقلی کے حالات کا پتہ لگانے کے ساتھ ساتھ خلاف ورزی کے ذمہ دار افراد کی شناخت بھی کی جا سکے۔

ایف ڈی اے نے کہا کہ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 کی متعلقہ دفعات کے تحت مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمے نے واضح کیا کہ پنیر، گوشت اور مچھلی سمیت تمام جلد خراب ہونے والی غذائی اشیاء کی نقل و حمل، ذخیرہ اندوزی اور ہینڈلنگ مقررہ درجہ حرارت کے تحت اور لازمی لیبلنگ ضوابط کے مطابق ہونی چاہیے۔

ایف ڈی اے نے خبردار کیا کہ فوڈ سیفٹی کے مقررہ اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ محکمے نے مزید کہا کہ غذائی اشیاء کی محفوظ نقل و حمل، ذخیرہ اندوزی، ہینڈلنگ اور لیبلنگ کو یقینی بنانے کے لیے فوڈ بزنس آپریٹرز کے خلاف سخت کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

ایف ڈی اے نے صارفین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور غیر محفوظ یا ملاوٹ شدہ غذائی اشیاء کی فروخت یا تقسیم سے متعلق کسی بھی واقعے کی اطلاع محکمے کے سرکاری ای میل پتے [email protected] پر دیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img