جموں، 12 نومبر: جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے کشتواڑ کے دور افتادہ علاقہ دچھن میں دو اسپیشل پولیس افسران (ایس پی اوز) کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی معاونت کرنے والا پرانا نیٹ ورک ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا ہے اور اس کے باقی ماندہ عناصر کسی نہ کسی شکل میں موجود ہیں۔
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں حالات بتدریج معمول پر آ رہے ہیں، تاہم مایوس دہشت گرد اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے اس طرح کی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ایس پی اوز بدھ کے روز دھرنا سے کیار کی طرف گھنے جنگلات سے گزر رہے تھے کہ مبینہ طور پر دہشت گردوں نے انہیں اغوا کر لیا، بعد ازاں جمعرات کی صبح دونوں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں۔
سنیل شرما نے کہا کہ یہ واقعہ تشویش کا باعث ہے۔ وہ کشتواڑ کی ایم ایل اے شگن پریہار اور پارٹی کے ضلع صدر کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لینے جا رہے ہیں۔ وادی میں اوور گراؤنڈ ورکرز کے نیٹ ورک کے دوبارہ سرگرم ہونے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ کوئی بڑا نیا نیٹ ورک قائم ہونے کے بجائے پرانا نیٹ ورک ابھی پوری طرح ختم نہیں کیا جا سکا ہے۔ دہشت گردی کی معاونت کرنے والا نظام اب بھی کسی نہ کسی شکل میں موجود ہے، تاہم اس کے باقی ماندہ عناصر کو بھی ختم کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مارے گئے ایس پی اوز کی شناخت 57 سالہ بابی چند اور 45 سالہ رشپال کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں اہلکار دچھن کے گاؤں کیار میں پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کے ساتھ تعینات تھے اور بدھ کے روز اپنے کیمپ سے دھرنا-مڑواہ میں قائم فوجی چوکی کی طرف جاتے ہوئے لاپتہ ہو گئے تھے۔ حکام کے مطابق ایک اہلکار کی لاش صبح تقریباً 8 بجے جبکہ دوسرے کی لاش 9 بجے برآمد ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ دونوں اہلکاروں کی سروس رائفلیں بھی جائے وقوعہ سے غائب ہیں، جس کے باعث واقعے میں دہشت گردانہ کارروائی کے امکان کو تقویت مل رہی ہے۔





