جمعہ, نومبر 13, 2026
12.3 C
Srinagar

وزارت داخلہ نے ذاکر نائیک کی قائم کردہ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن پر پابندی میں مزید پانچ سال کی توسیع کر دی

نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ نے ڈاکٹر ذاکر عبدالکریم نائیک کی قائم کردہ اور زیرِ قیادت تنظیم اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن (آئی آر ایف) پر پابندی میں مزید پانچ سال کی توسیع کر دی ہے۔ وزارت نے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) 1967 کے تحت تنظیم کو ایک غیر قانونی انجمن قرار دیتے ہوئے یہ فیصلہ لیا ہے۔

جمعہ کو جاری کردہ تازہ نوٹیفکیشن موجودہ پابندی کی مدت 14 نومبر 2026 کو ختم ہونے سے ایک روز قبل جاری کیا گیا ہے۔ حکومت نے ہدایت دی ہے کہ نئی پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور سرکاری گزٹ میں اشاعت کی تاریخ سے مزید پانچ سال تک برقرار رہے گی۔

وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن ایسی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے جو ملک کی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں اور جن سے امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ملک کے سیکولر ڈھانچے کو متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

نوٹیفکیشن میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کو تنظیم کا بانی اور صدر قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ اور آئی آر ایف  کے دیگر ارکان مختلف مذہبی برادریوں کے درمیان دشمنی، نفرت اور عداوت کو فروغ دینے کے لیے اپنے پیروکاروں کی حوصلہ افزائی اور معاونت کرتے رہے ہیں۔

حکومت نے ذاکر نائیک کی تقاریر اور عوامی بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں قابلِ اعتراض اور تخریبی قرار دیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں الزام لگایا گیا ہے کہ ان بیانات سے مذہبی گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ مل سکتا ہے اور نوجوانوں کو غیر قانونی سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکتا ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر تنظیم کو دوبارہ اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی گئی تو اس سے اس کے کارکنوں کو دوبارہ منظم ہونے، ملک مخالف جذبات پھیلانے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے اور عسکریت پسندی کی حمایت کے ذریعے علیحدگی پسندی کو بڑھاوا دینے کا موقع مل سکتا ہے۔

مرکزی حکومت کے مطابق پابندی میں توسیع کا فیصلہ ملک کی خودمختاری، سالمیت اور سلامتی کے لیے نقصان دہ سمجھی جانے والی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ضروری تھا۔

واضح رہے کہ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کو پہلی مرتبہ نومبر 2016 میں پانچ سال کے لیے غیر قانونی تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ بعد ازاں نومبر 2021 میں پابندی کی تجدید کی گئی، جبکہ غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ٹریبونل نے 2022 میں حکومت کے اس فیصلے کی توثیق کی تھی۔

تازہ نوٹیفکیشن UAPA کی دفعات 3(1) اور 3(3) کے تحت جاری کیا گیا ہے، جس کے ذریعے تنظیم پر عائد پابندی کو مزید پانچ سال کے لیے برقرار رکھا گیا ہے۔

(کے این ٹی)

Popular Categories

spot_imgspot_img