بدھ, اکتوبر 14, 2026
21.4 C
Srinagar

منشیات کے خلاف کارروائیاں، وادی بھر میں پولیس نے 7 مبینہ منشیات فروش گرفتار کرلیے

اننت ناگ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ میں کارروائیاں، چرس، پوست کی بھوسی اور ہیروئن جیسا مادہ برآمد

سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران اننت ناگ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں 7 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ممنوعہ نشہ آور مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق، منشیات کی اسمگلنگ پر قابو پانے اور معاشرے سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

اننت ناگ میں 3 افراد گرفتار

اننت ناگ میں پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ کی ٹیم نے ایک موٹر سائیکل سوار جاوید احمد میر ولد غلام حسن، ساکن بٹہ گنڈ لاری بل کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران اس کے قبضے سے 2.08 کلوگرام پوست کی بھوسی برآمد کی گئی۔ پولیس نے موٹر سائیکل زیرِ نمبر PB46U-2485 کو بھی ضبط کرلیا۔

ایک اور کارروائی میں پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ نے فاروق احمد شیخ ولد مرحوم عبدالغنی شیخ، ساکن کنیل ون کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 24 گرام چرس برآمد کی۔

اسی طرح پولیس پوسٹ جی بی ایس نے کھنہ بل کے رہائشی گلزار احمد شاہ ولد محمد اسماعیل شاہ کو چی تاربل پل کے نزدیک گرفتار کیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 4.50 گرام چرس برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق، تینوں ملزمان کے خلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

بارہمولہ میں 3 افراد گرفتار، ہیروئن جیسا مادہ برآمد

بارہمولہ میں پولیس نے گُل نار پارک، آزاد گنج کے علاقے میں گشت اور چیکنگ کے دوران 3 افراد کو گرفتار کیا۔ ان کی شناخت فیضان مجید تیلی عرف گنگا ولد عبدالمجید تیلی، ساکن بنگلو باغ اولڈ ٹاؤن بارہمولہ؛ عاقب احمد گوجری ولد غلام محمد گوجری، ساکن گُل نار پارک بارہمولہ اور ساحل بشیر کرنائی ولد بشیر احمد کرنائی، ساکن غوثیہ کالونی، آزاد گنج بارہمولہ کے طور پر ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق، تلاشی کے دوران فیضان مجید تیلی کے قبضے سے 6 گرام، عاقب احمد گوجری سے 5 گرام اور ساحل بشیر کرنائی سے بھی 5 گرام ہیروئن جیسا مادہ برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ موقع سے 3 سرنجیں اور 7 لائٹر بھی ضبط کیے گئے۔

پولیس نے بتایا کہ موقع پر ایگزیکٹو مجسٹریٹ اور آزاد گواہوں کو طلب کرکے تمام قانونی کارروائیاں مکمل کی گئیں۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں ایف آئی آر نمبر 167/2026، این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8 اور 21 تا 29 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تینوں ملزمان کو قانونی طریقۂ کار کے مطابق گرفتار کرکے پولیس تحویل میں رکھا گیا ہے۔

بانڈی پورہ میں ایک شخص گرفتار

بانڈی پورہ میں پولیس نے منترگام پٹھ کوٹ کے مقام پر شبیر احمد لون ولد محمد دلاور لون، ساکن اٹھوتو کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے تقریباً 610 گرام چرس جیسا مادہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق، اس معاملے میں پولیس اسٹیشن پٹھ کوٹ میں ایف آئی آر نمبر 28/2026، این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8 اور 20 کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ اور نشے کے استعمال کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات سے متعلق سرگرمیوں کی نشاندہی کریں اور پولیس کو اطلاع دے کر اس مہم میں تعاون کریں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img