ہفتہ, اکتوبر 10, 2026
25 C
Srinagar

سی ای سی مخالف احتجاج: ابھیجیت دیپکے اور دھرو راٹھی سمیت متعدد مظاہرین زیرِ حراست، میٹرو اسٹیشن بند

ایشین میل مانیٹر نگ ڈیسک

دہلی پولیس نے ماضی میں دی گئی یقین دہانی کی خلاف ورزی کا حوالہ دیتے ہوئے جنتر منتر پر احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ پابندیوں کے تحت دہلی کے بعض علاقوں میں انٹرنیٹ پر قدغنیں عائد کی گئی ہیں، میٹرو اسٹیشن بند کر دیے گئے ہیں اور دارالحکومت جانے والی متعدد ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

دہلی کے جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی قیادت میں ہونے والے احتجاج کے لیے لوگوں کی بھیڑ جمع ہونا شروع ہوتے ہی دہلی پولیس نے پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے اور سی جے پی کے دیگر رہنماؤں، جن میں سورَو داس اور آشوتوش رانکا شامل ہیں، کو دہلی پہنچتے ہی حراست میں لے لیا۔قومی میڈیا رپورٹس کے مطابق  دہلی پولیس نے اس احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا۔ اسی دوران وسطی دہلی میں احتجاج کے لیے مقررہ مقام اور اس کے آس پاس سے مظاہرین کو چن چن کر حراست میں لیا جا رہا ہے اور بسوں میں بٹھا کر لے جایا جا رہا ہے۔

سی جے پی اور دیگر بائیں بازو کی تنظیموں کی جانب سے ہفتے، 10 اکتوبر 2026 کو بلائے گئے اس احتجاج کا مقصد چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے اور انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے عمل کو واپس لینے کے مطالبے پر دباؤ بڑھانا ہے۔

میڈیا رپورٹس  کے مطابق، یوٹیوبر دھرو راٹھی کو ہفتے کی صبح، 10 اکتوبر 2026 کو دہلی اور گروگرام پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران گروگرام میں واقع ایک رہائشی فلیٹ سے حراست میں لیا گیا اور کسی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ دہلی پولیس کو توقع ہے کہ تقریباً 7,000 مظاہرین قومی دارالحکومت پہنچیں گے۔ سینئر افسران نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ انتہائی تحمل سے کام لیں اور صورتِ حال کو پیشہ ورانہ انداز میں سنبھالیں۔ مظاہرین کو رام لیلا میدان منتقل کیے جانے کے امکان پر پولیس نے واضح کیا کہ اب تک وہاں مظاہرے کی اجازت کے لیے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔

حکام نے احتجاج سے قبل متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں دہلی کے بعض علاقوں میں انٹرنیٹ پر پابندیاں، بازاروں اور میٹرو اسٹیشنوں کی بندش اور دارالحکومت جانے والی درجنوں ٹرینوں کی منسوخی شامل ہیں۔ مرکزی وزارتِ داخلہ نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ دہلی پولیس کے ساتھ رابطہ اور تال میل قائم کریں اور مظاہرین کی دہلی کی جانب نقل و حرکت روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات کریں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img