ریلوے نے جمعہ کے روز بتایا کہ دارالحکومت دہلی میں ٹریفک کی ممکنہ صورتحال اور رکاوٹوں کے اندیشے کو دیکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس فیصلے سے دہلی کے ان اسٹیشنوں کے لیے مختلف اسٹیشنوں سے آج روانہ ہونے والی 38 ٹرینیں متاثر ہوں گی۔
ریلوے نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ نئی دہلی اور حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشنوں کے پاس ہفتے کے روز سڑکوں پر بھاری ٹریفک جام کے اندیشے کے پیشِ نظر جمعہ کو سہ پہر دو بجے کے بعد ان اسٹیشنوں کے لیے روانہ ہونے والی اور ہفتے کی صبح چار بجے سے سہ پہر دو بجے کے درمیان یہاں پہنچنے والی متعدد میل اور ایکسپریس ٹرینیں منسوخ رہیں گی۔
ریلوے نے واضح کیا ہے کہ ان ٹرینوں کو ان کے ابتدائی اسٹیشنوں سے ہی منسوخ کیا جا رہا ہے۔
شمالی ریلوے کے چیف تعلقات عامہ آفیسر (سی پی آر او) ہمانشو شیکھر اپادھیائے نے بتایا کہ ہفتے کو نئی دہلی اور حضرت نظام الدین پہنچنے والی 165 ٹرینوں میں سے صرف 38 میل اور ایکسپریس ٹرینوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ ووٹر لسٹ کے خصوصی تفصیلی نظرثانی (ایس آئی آر) میں دھاندلی اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے کے حق میں سی جے پی نے ہفتے کے روز دارالحکومت کے جنتر منتر پر مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم انتظامیہ نے سی جے پی کو اس کی اجازت نہیں دی ہے۔ انتظامیہ نے سی جے پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی تحریک کے پیشِ نظر دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ سی جے پی نے اس سے پہلے 20 جولائی کو جنتر منتر سے پارلیمنٹ کی طرف مارچ کیا تھا اور اس دوران صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے پولیس کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا تھا۔
یواین آئی