3 اکتوبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیشگوئی
ایشین میل نیوزڈیسک
سرینگر جموں و کشمیر میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لی ہے، جس کے دوران کئی علاقوں میں بارش، گرج چمک اور تیز ہواو¿ں کے ساتھ بالائی علاقوں میں برفباری ریکارڈ کی گئی۔ گلمرگ کے افروٹ اور دودھ پتھری کے بالائی علاقوں میں رواں سیزن کی پہلی برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ وادی کے مختلف میدانی علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ گلمرگ کے افروٹ میں تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی، جبکہ بڈگام کے دودھ پتھری کے بالائی علاقوں میں بھی رواں موسم کی پہلی برفباری کی اطلاع ہے۔ دوسری جانب قاضی گنڈ میں شدید بارش ہوئی، جبکہ پٹن اور بارہمولہ میں درمیانے درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی۔
شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں موسم ابرآلود رہا، جبکہ بعض مقامات پر تیز ہوائیں بھی چلیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 28 ستمبر کو دن کے آخر تک جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش، گرج چمک اور تیز ہواو¿ں کا امکان ہے، جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 29 ستمبر سے 3اکتوبر تک جموں و کشمیر میں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران بیشتر علاقوں میں موسم صاف یا جزوی طور پر صاف رہ سکتا ہے۔ اس کے بعد 4 سے 6 اکتوبر تک موسم ایک مرتبہ پھر جزوی سے عام طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ہلکی بارش، بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری، گرج چمک اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے 7 اور8 اکتوبر کو موسم عام طور پر خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ9 اور 10 اکتوبر کو جزوی سے عام طور پر ابرآلود موسم کے دوران چند مقامات پر ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بعض مقامات پر گرج چمک اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ 29 ستمبر سے سیب، دھان اور دیگر فصلوں کی کٹائی سمیت زرعی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ تاہم، آج بارش کے پیش نظر پہلے سے کاٹی گئی فصلوں اور زرعی پیداوار کو محفوظ اور خشک مقامات پر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بالائی علاقوں میں سیزن کی پہلی برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی آئی ہے، جس سے وادی میں موسمِ خزاں کی آمد کے ساتھ سردی کے اثرات نمایاں ہونے لگے ہیں۔





