ٹنگمرگ،: سری نگر کے رکن پارلیمان آغا سید روح اللہ مہدی نے منگل کے روز کہا کہ وہ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی جانب سے اپنے استعفے کے مطالبے پر آنے والے دنوں میں جواب دیں گے، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ سینئر رہنما کا بے حد احترام کرتے ہیں۔
ٹنگمرگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے روح اللہ نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ ان سے کوئی بات کہیں اور وہ اسے پورا نہ کریں۔ انہوں نے کہا، "یہ ممکن نہیں کہ میں انہیں خالی ہاتھ واپس بھیج دوں۔”
آغا روح اللہ سے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے اس بیان کے بارے میں سوال کیا گیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر عوام سے تازہ مینڈیٹ حاصل کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا، "انہوں نے اس عمر میں مجھ سے کچھ مانگا ہے۔ میں ان کا احترام کرتا ہوں۔ میں نہیں چاہتا کہ وہ مجھ سے کچھ مانگیں اور میں انہیں خالی ہاتھ واپس کر دوں۔”
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا چیلنج قبول کریں گے تو آغا روح اللہ نے کہا کہ وہ چند دنوں میں اس کا جواب دیں گے۔ — (KNO)





