سری نگر: بھاجپا کے سینئر راہنما اشوک کول نے منگل کو کہا کہ بی جے پی ریاستی درجے کی بحالی کی مخالف نہیں ہے بلکہ وہ خود بھی جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنا چاہتی ہے۔ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اشوک کول نے کہا کہ اس اقدام کے لیے مناسب وقت کا فیصلہ حکومتِ ہند اور اس کی متعلقہ ایجنسیاں کریں گی۔
اشوک کول کے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب انہوں نے ریاستی درجے کی بحالی کے حوالے سے بی جے پی کے موقف کا دفاع کیا اور عمر عبداللہ کی قیادت والی نیشنل کانفرنس حکومت کو انتخابی وعدے پورے نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
اشوک کول نے کہا: "بی جے پی ریاستی درجے کے خلاف نہیں ہے؛ ہم بھی اسے چاہتے ہیں۔ تاہم، مناسب وقت کا فیصلہ حکومتِ ہند اور اس کی متعلقہ ایجنسیاں کریں گی۔”
انہوں نے نیشنل کانفرنس حکومت کو بھی نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس نے انتخابی مہم کے دوران ووٹروں سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔
بی جے پی رہنما کا یہ تبصرہ جموں و کشمیر میں ریاستی درجے کی بحالی کے حوالے سے جاری سیاسی بحث کے درمیان سامنے آیا ہے۔ مرکز نے ریاستی درجہ بحال کرنے کا وعدہ تو کیا ہے، تاہم اس کے لیے ابھی تک کوئی واضح اور عوامی طور پر مقرر کردہ مدت سامنے نہیں آئی ہے۔
اشوک کول نے مزید کہا کہ اس معاملے کو مرکز کے فیصلہ سازی کے عمل کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے، جبکہ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ بی جے پی ریاستی درجے کی بحالی کی حمایت کرتی ہے۔




