بدھ, اگست 19, 2026
22.3 C
Srinagar

شوپیان، پارمپورہ ، قاضی گنڈ،راجوری میں حادثات

خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق،5 اہلکاروں سمیت12 شدیدزخمی
ایشین میل نیوزڈیسک

سرینگرشوپیانقاضی گنڈجنوبی کشمیر کے شوپیان، سرینگر کے پارمپورہ سرینگر اور قاضی گنڈ کولگام میں پیش آئے تین الگ الگ سڑک حادثات میں ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ پانچ سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوگئے۔شوپیان ضلع کے امام صاحب علاقے کے امربگ میں منگل کے روز سکوٹی سڑک سے پھسلنے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ اس کا بیٹا زخمی ہوگیا۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ خاتون اپنے بیٹے کے ساتھ سکوٹی پر سوار تھیں اور بیٹا سکوٹی چلا رہا تھا۔ امربگ کے مقام پر سکوٹی اچانک سڑک سے پھسل گئی، جس کے نتیجے میں دونوں حادثے کا شکار ہوگئے۔عہدیدار کے مطابق خاتون کو حادثے میں شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ ان کے بیٹے کو معمولی چوٹیں آئیں۔جاں بحق خاتون کی شناخت ساجہ بانوزوجہ غلام قادر نائیکو، ساکن خاروارہ کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمی بیٹے کی شناخت شکیل احمد نائیکو ولد غلام قادر نائیکو کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ادھر سرینگر کے پارمپورہ علاقے میں فروٹ منڈی کے مقام پر سکوٹی اور ٹرک کے درمیان تصادم میں ایک 50 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔عہدیدار کے مطابق حادثہ فروٹ منڈی پارمپورہ میں اس وقت پیش آیا جب مذکورہ شخص کی سکوٹی ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹرک کا رجسٹریشن نمبر(JK13C/9806) بتایا گیا ہے۔حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ متوفی کی شناخت محمد انور ماگرے (50) ولد محمد عبداللہ ماگرے، ساکن کلور ٹنگمرگ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔دریں اثنا، جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے قاضی گنڈ علاقے کے لیوڈورہ میں ٹرک اور سی آر پی ایف کی بنکر گاڑی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم 5سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوگئے۔
عہدیدار نے بتایا کہ حادثہ لیوڈورہ، قاضی گنڈ میں پیش آیا، جہاں(JK02DU/4386) نمبر کے ٹرک کی(JK02CG/5795)نمبر کی سی آر پی ایف بنکر گاڑی سے ٹکر ہوگئی۔ تصادم کے بعد بنکر گاڑی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں پانچ اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئیں۔زخمی اہلکاروں کو علاج کے لیے 163 بٹالین سی آر پی ایف، قاضی گنڈ کے ایم آئی روم منتقل کیا گیا۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے اور حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ادھر سری نگر۔اننت ناگ شاہراہ پر سیمپورہ میں میڈیکل کالج کے قریب منگل کے روز ہونڈا سٹی اور ڈمپر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہوگئی۔راجوری کے خواس میں سڑک حادثہ، چھ افراد زخمی:ادھرراجوری ضلع کے خواس علاقے میں گنڈا مہراکے قریب منگل کے روز ایک گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس میں سوار تمام چھ افراد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ گاڑی، جس کا رجسٹریشن نمبر (JK11J/4943) ہے، خواس سے گنڈا مہراکی جانب جا رہی تھی کہ گنڈا مہراکے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور طبی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں اور تمام زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا۔عہدیدار نے کہا، ”زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے اور واقعے کا نوٹس لے لیا گیا ہے۔“

Popular Categories

spot_imgspot_img