ہفتہ, اگست 1, 2026
25 C
Srinagar

ای او ڈبلیو کشمیر نے 3.11 کروڑ روپے کے کوآپریٹو بینک غبن کیس میں دو ملزمان کے خلاف چارج شیٹ پیش کر دی

سرینگر، یکم اگست: اکنامک آفینسز ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے سینٹرل کوآپریٹو بینک کی لنگیٹ برانچ سے مبینہ طور پر 3.11 کروڑ روپے کے غبن کے معاملے میں دو ملزمان کے خلاف چارج شیٹ عدالت میں پیش کر دی ہے۔

جاری بیان کے مطابق، ای او ڈبلیو کشمیر، کرائم برانچ جموں و کشمیر نے ایف آئی آر نمبر 25/2016 میں تعزیراتِ رنبیر (آ پی سی) کی دفعات 420، 468، 471 اور 120-بی کے تحت دھوکہ دہی، جعلسازی، جعلی دستاویزات کے استعمال اور مجرمانہ سازش کے الزامات میں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ، ہندوارہ کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔

تحقیقات کا آغاز اُس وقت کے رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز، جموں و کشمیر کی تحریری شکایت پر کیا گیا تھا، جس میں سینٹرل کوآپریٹو بینک بارہمولہ کی مختلف شاخوں میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں اور غبن کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ لنگیٹ برانچ کے اُس وقت کے برانچ منیجر نے دیگر ملزمان کے ساتھ ملی بھگت کرکے فرضی قرضے منظور کیے اور اپنے مالی اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے اوور ڈرافٹ کی اجازت دی، جس کے نتیجے میں بینک کے تقریباً 3.11 کروڑ روپے کا غبن کیا گیا۔

چارج شیٹ میں نامزد ملزمان کی شناخت غلام محمد بیگ (ریٹائرڈ برانچ منیجر، ساکن کینیل ترتھ پورہ، ہندواڑہ) اور عبدالحمید گوجری (کیشیئر کم کلرک، ساکن گنڈ کریم خان، رفیع آباد) کے طور پر کی گئی ہے۔

کرائم برانچ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مالیاتی دھوکہ دہی سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع ایس ایس پی، ای او ڈبلیو کشمیر کو دیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img