اردو تحقیق و تنقید کے میدان میں نمایاں خدمات کا اعتراف
کڑپہ، آندھرا پردیش: اردو زبان و ادب، تحقیق و تنقید اور اردو صحافت کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دینے والی معروف محققہ اور مصنفہ ڈاکٹر روحی جان کو Ameerunnisa Educational & Welfare Foundation، کڑپہ (آندھرا پردیش) کی جانب سے قومی سطح کے باوقار ’’مولانا ابوالکلام آزاد ایوارڈ 2025‘‘ سے نوازا گیا ہے۔
یہ اعزاز ڈاکٹر روحی جان کی علمی، تحقیقی اور تصنیفی خدمات کے اعتراف میں عطا کیا گیا، جبکہ ان کی شہرۂ آفاق کتاب ’’اردو صحافت کے درخشاں ستارے‘‘ کو تحقیق و تنقید کے زمرے میں اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا۔
اس سلسلے میں 30 جون 2026 کو کڑپہ میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والی علمی، ادبی اور تعلیمی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ڈاکٹر روحی جان کی علمی اور تحقیقی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی مومنٹو پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر روحی جان کے والدین، اساتذہ، احباب اور ادبی حلقوں نے انہیں اس اہم قومی اعزاز پر دلی مبارک باد پیش کی اور ان کی کامیابی کو مسلسل محنت، علمی ذوق اور تحقیقی وابستگی کا ثمر قرار دیا۔ اہلِ خانہ نے اس اعزاز کو اپنے لیے بھی باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
’’اردو صحافت کے درخشاں ستارے‘‘ اردو صحافت کی ممتاز شخصیات اور ان کی خدمات پر مبنی ایک تحقیقی و تنقیدی تصنیف ہے، جسے اس سے قبل ریاستی سطح پر بھی اعزاز سے نوازا جا چکا ہے۔ مزید برآں، ڈاکٹر روحی جان کو ان کی پی ایچ ڈی تحقیق پر 2024 میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی سرفراز کیا گیا تھا۔
علمی حلقوں کے مطابق ایک ہی تحقیقی کاوش کو ریاستی سطح کے بعد قومی سطح پر بھی پذیرائی ملنا ڈاکٹر روحی جان کی علمی بصیرت اور تحقیقی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ ان کی خدمات نے نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے اردو ادب میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔اہلِ علم و ادب نے امید ظاہر کی ہے کہ ڈاکٹر روحی جان مستقبل میں بھی اپنی تحقیقی اور ادبی خدمات کے ذریعے اردو زبان و ادب کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرتی رہیں گی۔




