انہوں نے اپوزیشن کے ارکان سے کہا کہ آپ کو دوسروں کی بات بھی سننی چاہیے۔ آپ ہمیشہ اپنی بات کہہ کر باہر چلے جاتے ہیں۔ ارکان کی جانب سے پوائنٹ آف آرڈر اٹھائے جانے پر انہوں نے کہا کہ یہ وقفہ صفر ہے اس میں پوائنٹ آف آرڈر نہیں اٹھایا جا سکتا۔ چیئرمین نے اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان وقفہ صفر کی کارروائی شروع کر دی۔ اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان ایک دو ارکان نے اپنے معاملات اٹھائے لیکن شور شرابے کی وجہ سے ان کی بات سنی نہیں جا سکی۔
زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے وزیر شیو راج سنگھ چوہان نے اپوزیشن پر پارلیمنٹ میں سڑک چھاپ سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن آئین اور ایوان کی وقار کو مجروح کر کے انتشار پھیلانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ ملک کے عوام انہیں معاف نہیں کریں گے۔
اپوزیشن ارکان چیئرمین کی نشست کے قریب آ کر مسلسل حکومت مخالف نعرے لگا رہے تھے۔ چیئرمین نے ارکان سے پرامن رہنے اور ایوان کی کارروائی چلنے دینے کی اپیل کی لیکن اس کا کوئی اثر نہ ہوتے دیکھ کر انہوں نے کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی۔
یو این آئی





