سرینگر، 30 جولائی:جموں و کشمیر کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت کے تحت نیشنل کانفرنس (این سی) کے سینئر رہنما اور حلقہ حضرت بل سے دو مرتبہ منتخب ہونے والے سابق رکنِ اسمبلی محمد سید آخون نے جمعرات کو جموں و کشمیر اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس موقع پر اپنی پارٹی کے صدر محمد الطاف بخاری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد الطاف بخاری نے کہا کہ محمد سید آخون عوام کی بے لوث خدمت کے لیے جانے جاتے ہیں اور ان کا سیاسی تجربہ پارٹی کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی کسی فرد یا خاندان کی جماعت نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں، حقوق اور ترقی کی نمائندہ جماعت ہے۔
اس موقع پر محمد سید آخون نے اپنی پارٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نیشنل کانفرنس کے ساتھ مشکل ترین حالات میں بھی وفاداری نبھائی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شیر کشمیر شیخ محمد عبد اللہ کے انتقال کے بعد ڈاکٹر فاروق عبداللہ وزارتِ اعلیٰ کے لیے موزوں امیدوار نہیں تھے اور نئی دہلی میں کانگریس کی قیادت نے اس وقت سیاسی سازش کی۔
انہوں نے عمر عبداللہ کے پارٹی میں نائب صدر کے عہدے اور وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر بھی سوالیہ نشان لگایا ۔محمد سید آخون نے کہا کہ وہ عوامی مفاد، امن، ترقی اور بہتر طرزِ حکمرانی کے مقصد سے اپنی پارٹی میں شامل ہوئے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ اپنی پارٹی جموں و کشمیر کے عوام کی حقیقی امنگوں کی ترجمانی کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ محمد سید آخون حلقہ حضرت بل سے 1996 اور 2002 کے اسمبلی انتخابات میں جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے ٹکٹ پر کامیاب ہو کر دو مرتبہ رکنِ اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں اور انہیں وادی کے سینئر سیاسی رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔




