جمعہ, جولائی 24, 2026
20 C
Srinagar

ادھم پور کے برکوانڈا علاقے میں اچانک سیلاب، کئی مکانات کو نقصان،متاثرہ خاندان محفوظ مقامات پر منتقل، امدادی ٹیمیں تعینات

ادھم پور: مسلسل بارشوں کے باعث جمعہ کی علی الصبح جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور کے برکوانڈا علاقے میں اچانک سیلاب آ گیا، جس کے نتیجے میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔

حکام نے بتایا کہ شدید بارش کے باعث پانی کی سطح اچانک بلند ہونے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔سیلابی ریلے  نے برکوانڈا کے نشیبی علاقوں میں واقع گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور گھریلو سامان بھی بہا لے گیا۔

ایک سرکاری افسر نے بتایا، "کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ احتیاطی اقدام کے طور پر حساس علاقوں میں رہائش پذیر خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔”

واقعے کے فوراً بعد پولیس، ایس ڈی آر ایف اور مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو و امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ نقصانات کا جائزہ لینے کا عمل بھی جاری ہے۔

تصویر:کشمیر ویدر

اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ حکام نے ندی نالوں اور سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں کے رہائشیوں کو مسلسل بارش کے پیش نظر چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ (جی این ایس)

Popular Categories

spot_imgspot_img