سرینگر:24جولائی: جموں و کشمیر میں سرینگر۔جموں قومی شاہراہ شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑوں سے چٹانیں کھسک آنے کے باعث مسلسل بند رہنے کے پیش نظر، شمالی ریلوے نے گزشتہ روز سرینگر اور شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا کے درمیان ایک خصوصی ٹرین چلائی تاکہ درماندہ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ خصوصی ٹرین کمرشل کنٹرول، جموں کی درخواست پر چلائی گئی، کیونکہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی مسلسل بندش کے باعث مسافروں کا غیر معمولی رش پیدا ہو گیا۔
اس خصوصی سروس کے ذریعے 600 سے زائد مسافروں کو محفوظ طریقے سے منتقل کیا گیا، جو سڑک رابطہ منقطع ہونے اور خراب موسمی حالات کے باعث سفر کرنے سے قاصر تھے۔
یہ اضافی ریلوے سروس ایسے وقت میں فراہم کی گئی جب سرینگر۔جموں قومی شاہراہ مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، پہاڑوں سے پتھر گرنے اور سڑک کے کٹاؤ کے باعث بند ہے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں گاڑیاں اور مسافر راستے میں درماندہ ہوگئے ہیں۔





