جمعہ, جولائی 24, 2026
19.5 C
Srinagar

بڑے سیلاب کا خطرہ ٹلنے لگا، دریائے جہلم میں سنگم، پانپور اور رام منشی باغ کے مقامات پر پانی کی سطح میں کمی شروع

جموں و کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری، فلیش فلڈ کا خدشہ برقرار، حکام کی صورتحال پر کڑی نظر

نیووزڈیسک

سرینگر/جموں:جموں و کشمیر میں گزشتہ کئی روز سے جاری موسلادھار بارشوں کے بعد بڑے پیمانے پر سیلاب کے خدشات میں کمی آنے لگی ہے۔ محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کی تازہ ترین گیج رپورٹ کے مطابق دریائے جہلم کے اہم مانیٹرنگ مقامات پر پانی کی سطح میں کمی کا رجحان شروع ہو گیا ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ وقفے وقفے سے بارش اور بعض علاقوں میں شدید بارش کے امکانات کے پیش نظر اچانک آنے والے سیلاب (فلیش فلڈ) کا خطرہ بدستور برقرار ہے۔

محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کی صبح آٹھ بجے جاری گیج رپورٹ کے مطابق سنگم کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی سطح 19.11 فٹ ریکارڈ کی گئی، جو کم ہو رہی ہے، جبکہ گزشتہ شب یہاں پانی کی بلند ترین سطح 20.37 فٹ ریکارڈ کی گئی تھی۔ پانپور کے مقام پر پانی کی سطح 5.19 میٹر ریکارڈ کی گئی، جہاں بھی کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ اس مقام پر پانی گزشتہ شب 5.22 میٹر کی بلند ترین سطح تک پہنچا تھا۔ اسی طرح رام منشی باغ سرینگر کے مقام پر پانی کی سطح 19.14 فٹ ریکارڈ کی گئی، جو اب بتدریج نیچے آ رہی ہے، جبکہ یہاں گزشتہ شب بلند ترین سطح 19.15 فٹ ریکارڈ کی گئی تھی۔

دریائے جہلم کے دیگر مانیٹرنگ مقامات میں عشم کے مقام پر پانی کی سطح 12.21 فٹ ریکارڈ کی گئی، جہاں اضافہ جاری ہے، جبکہ ولر جھیل میں پانی کی سطح 1575.88 میٹر تک پہنچ گئی ہے اور اس میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

دریائے جہلم کی معاون ندی نالوں میں بھی مجموعی طور پر صورتحال میں بہتری کے آثار نمایاں ہوئے ہیں۔ ویشو نالہ کھڈونی کے مقام پر پانی کی سطح کم ہو کر 6.36 میٹر تک پہنچ گئی ہے، جبکہ رمبی آرا نالہ واچی کے مقام پر بھی پانی کی سطح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ لدر نالہ بٹکوٹ میں پانی کی سطح گزشتہ رات کے مقابلے میں کم ہو کر 0.96 میٹر تک آ گئی، جس سے جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں فوری سیلابی دباؤ میں کمی آئی ہے۔ سندھ نالہ اور دیگر معاون ندی نالوں کی صورتحال پر بھی مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ دریائے جہلم کے مرکزی دھارے میں پانی کی سطح میں کمی ایک مثبت پیش رفت ہے، تاہم ولر جھیل اور بعض دیگر مقامات پر پانی میں اضافہ برقرار ہے، اس لیے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور متعلقہ محکمے بدستور الرٹ پر ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج جموں خطے خصوصاً چناب ویلی، ادھم پور، جموں، سانبہ اور کٹھوعہ میں بارش کا امکان برقرار ہے، جبکہ وادی کشمیر میں جنوبی کشمیر سب سے زیادہ متاثر ہو سکتا ہے۔ بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے، تاہم چند مقامات پر شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔ موسمیاتی سرگرمیوں میں دوپہر کے بعد بتدریج کمی آنے کا امکان ہے، اگرچہ شام تک بعض علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہ سکتی ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید بارش کے مختصر دور کسی بھی وقت پیدا ہو سکتے ہیں، جس کے باعث پہاڑی ندی نالوں میں اچانک طغیانی اور فلیش فلڈ کے امکانات کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ اسی لیے نشیبی علاقوں، دریا کنارے آبادیوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے شکار علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بدستور احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ادھر صوبہ جموں میں بھی دریائے چناب، توی، اُجھ، بسنتر اور دیگر برساتی ندی نالوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ، محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں الرٹ پر ہیں، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دریا اور ندی نالوں کے قریب نہ جائیں اور موسم و ٹریفک سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img