سرینگر، 22 جولائی: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں دہشت گردانہ حملے میں پولیس اہلکار کی ہلاکت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بزدلانہ حملے میں ملوث عناصر کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے دہشت گردانہ حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) نلین پربھات سے بات کی۔
انہوں نے حملے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہید کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا، "فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ہیڈ کانسٹیبل عاشق حسین قریشی کے اہل خانہ سے میری دلی تعزیت ہے۔ پوری قوم شہید کے خاندان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ میں اس بزدلانہ حملے کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ یہ گھناؤنا جرم ہرگز بے سزا نہیں رہے گا۔ جموں و کشمیر پولیس اور ہماری سکیورٹی فورسز پوری طرح متحرک ہیں اور اس حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے تک پہنچائیں گی۔”
واضح رہے کہ بدھ کی دوپہر اننت ناگ کے لال چوک علاقے میں دہشت گردانہ حملے میں ہیڈ کانسٹیبل عاشق حسین جاں بحق ہو گئے تھے۔ حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ کر کے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔





