بدھ, جولائی 22, 2026
20 C
Srinagar

سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں :جہلم میں پانی کی سطح خطرے کی حد سے کافی نیچے، عوام گھبرائیں نہیں

سری نگر، 22 جولائی: محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کشمیر کی جانب سے آج سہ پہر 3:00 بجے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق دریائے جہلم، وولر جھیل اور تمام اہم معاون ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرے کی حد سے کافی نیچے ہے، جس کے پیش نظر عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق دریائے جہلم میں سنگم کے مقام پر پانی کی سطح 5.54 فٹ، پامپور کے مقام پر 0.64 میٹر، منشی باغ کے مقام پر 7.91 فٹ، عشم کے مقام 5.89 فٹ جبکہ وولر جھیل کی سطح 1575.37 میٹر ریکارڈ کی گئی، جو تمام مقامات پر مقررہ خطرے کی حد سے نیچے ہے۔

اسی طرح معاون ندی نالوں میں بھی پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے۔ ویشو نالہ (خدوانی) میں 2.72 میٹر، رمبی آرا نالہ (واچی) میں 0.06 میٹر، لیدر نالہ (بٹ کوٹ) میں 1.14 میٹر، دودھ گنگا (برزلہ) میں 1.33 میٹر اور سندھ نالہ (دودرہامہ) میں 1.87 میٹر پانی ریکارڈ کیا گیا، جو تمام مقامات پر خطرے کی سطح سے کافی کم ہے۔

محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول نے واضح کیا ہے کہ موجودہ صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور فی الحال سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ اگرچہ وادی کشمیر میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، تاہم اس وقت وادی میں فوری طور پر سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ البتہ عوام کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے کیونکہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، حساس مقامات پر اچانک سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات موجود رہ سکتے ہیں۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی اطلاعات پر اعتماد کریں اور غیر مصدقہ خبروں یا افواہوں سے گریز کریں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img