منگل, جولائی 21, 2026
24.1 C
Srinagar

تازہ لینڈ سلائیڈنگ سے سرینگر۔جموں قومی شاہراہ پر آوا جاہی متاثر، بحالی کا کام جاری

جموں،: مسلسل موسلا دھار بارشوں کے باعث منگل کے روز سرینگر۔جموں قومی شاہراہ پر تازہ لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے سے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی، جبکہ کئی حساس مقامات پر شاہراہ کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ خطے میں مانسون کی شدید بارشوں کا سلسلہ بدستور برقرار ہے۔

حکام کے مطابق ضلع اُدھم پور اور رام بن میں شدید بارشوں کے نتیجے میں شاہراہ کے بالائی حصوں، خصوصاً شاردا ماتا مندر اور تھارا کے قریب، مٹی کے تودے گرنے اور پتھر کھسکنے کے متعدد واقعات پیش آئے، جس سے مسافروں کو شدید خطرات لاحق ہوئے اور بحالی کے کام میں بھی دشواریاں پیدا ہوئیں۔

قومی شاہراہ کی صفائی اور آمد و رفت کی بحالی کے لیے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی)، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کی ٹیمیں ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔ حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ سفر شروع کرنے سے قبل تازہ ٹریفک ایڈوائزری ضرور حاصل کریں۔

ادھر ضلع راجوری کے نگروٹہ سالدھر علاقے میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں مسلسل بارش کے باعث مٹی اور چٹانیں کھسکنے سے مقامی رابطہ سڑک متاثر ہوئی۔ تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

دریں اثنا محکمہ موسمیات نے جموں خطے کے کئی اضلاع میں انتہائی شدید بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے گرج چمک، آسمانی بجلی، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔

جن اضلاع کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے ان میں جموں، ریاسی، اُدھم پور، پونچھ، راجوری، سانبہ، کٹھوعہ، ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن شامل ہیں، جہاں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران خراب موسمی حالات برقرار رہنے کا امکان ہے۔

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ شاہراہوں اور پہاڑی سڑکوں پر سفر نہ کریں۔ لوگوں کو دریاؤں، ندی نالوں اور سیلاب کے خطرے والے علاقوں سے دور رہنے اور ضلعی انتظامیہ و ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کی جانب سے جاری ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی بھی تلقین کی گئی ہے۔

حالیہ بارشوں کے سلسلے نے جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ گزشتہ چند روز کے دوران اچانک آنے والے سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور بادل پھٹنے کے واقعات کے باعث مکانات، زرعی اراضی، سڑکیں، پل اور دیگر عوامی بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ہنگامی امدادی ادارے پوری طرح الرٹ ہیں، جبکہ بحالی سے متعلق ٹیمیں حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں تاکہ سڑکوں کو جلد از جلد ٹریفک کے لیے بحال کیا جا سکے اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ (کے این ٹی)

Popular Categories

spot_imgspot_img