منگل, جولائی 21, 2026
21.7 C
Srinagar

پونچھ میں تازہ لینڈ سلائیڈنگ،7 افراد جاں بحق

لوران۔دملیان علاقے میں شدید بارش کے باعث ملبہ آبادی پر آ گرا، ریسکیو آپریشن جاری

پونچھ،: ضلع پونچھ کے بارش سے متاثرہ لوران۔دملیان علاقے میں پیر کے روز شدید بارش کے دوران پیش آنے والی تازہ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث پہاڑی تودہ اچانک آبادی پر آ گرا، جس سے علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ اب تک ملبے سے سات لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں، جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید افراد بھی ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔

مقامی لوگوں کے مطابق فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر مساجد سے اعلانات کر کے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، سول انتظامیہ، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور مقامی رضاکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی و بچاؤ کارروائیاں شروع کر دیں۔

حکام متاثرہ علاقے میں نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ اتوار کو جموں صوبے  کے پونچھ اور راجوری اضلاع میں موسلا دھار بارش کے باعث آنے والے فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے مختلف واقعات میں کم از کم 12 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد لاپتا ہوئے تھے، جن سے مکانات، بنیادی ڈھانچے، مویشیوں اور زرعی اراضی کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا تھا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img