منگل, جولائی 21, 2026
20.6 C
Srinagar

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بارش، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ سے پیدا شدہ صورتحال کا لیا جائزہ، فوری راحت و بحالی کی ہدایت

سری نگر،: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں، اچانک آنے والے سیلاب (فلیش فلڈ) اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔

لیفٹیننٹ گورنر نے اعلیٰ حکام سے صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے تیز رفتار اقدامات کی ہدایت دی۔

لیفٹیننٹ گورنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا:”میں نے آج سینئر افسران سے بات چیت کرکے شدید بارشوں، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ ڈوڈہ میں دو قیمتی جانوں کے ضیاع پر مجھے گہرا دکھ ہے اور میری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ پُر خطر علاقوں میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (NDRF)، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (SDRF)، جموں و کشمیر پولیس اور فوج سمیت ہنگامی ٹیمیں تعینات ہیں اور انہیں مکمل طور پر ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ پونچھ، راجوری، ریاسی اور ادھم پور میں اہم سڑکوں کو دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال کرنے کا کام جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ ٹیموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مکانات اور سرکاری بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کا فوری جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں تاکہ متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے اقدامات کو تیز کیا جا سکے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img