فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل عالمی فٹبال شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں اسپین اور ارجنٹینا کی ٹیمیں عالمی چیمپئن بننے کے لیے میدان میں اتریں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ فیصلہ کن معرکہ 19 جولائی کو نیو یارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
بھارتی وقت کے مطابق اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان ورلڈ کپ فائنل 20 جولائی کی درمیانی رات رات 12 بجے شروع ہوگا۔ مقامی وقت کے مطابق میچ کا آغاز نیو یارک میں سہ پہر 3 بجے ہوگا۔
فائنل کے لیے منتخب کیا گیا نیو یارک نیو جرسی اسٹیڈیم، جو میٹ لائف اسٹیڈیم کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، امریکی ریاست نیو جرسی کے ایسٹ ردرفورڈ میں واقع ہے۔ اس اسٹیڈیم میں تقریباً 82 ہزار 500 تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، جہاں دنیا بھر سے فٹبال مداح اس تاریخی مقابلے کا مشاہدہ کریں گے۔
یہ مقابلہ دفاعی عالمی چیمپئن اور جنوبی امریکی چیمپئن ارجنٹینا اور یورپی چیمپئن اسپین کے درمیان ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اپنی تاریخ میں ایک اور یادگار باب رقم کرنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔
فاتح اسکواڈ کو پہلی بار فیفا چیمپئن رنگز، ٹرافی اور گولڈ میڈلز دیے جائیں گے
فیفا نے ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے اعزازات میں ایک نیا اضافہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 2026 کے عالمی کپ کی فاتح ٹیم کو روایتی ٹرافی اور گولڈ میڈلز کے ساتھ خصوصی چیمپئن شپ رنگز بھی دی جائیں گی۔ یہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا کہ فاتح اسکواڈ کو اس انداز میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔
فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کی مناسبت سے مجموعی طور پر 2026 خصوصی رنگز تیار کی جائیں گی۔ ان میں سے 30 رنگز فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے مخصوص ہوں گی، جبکہ باقی رنگز دنیا بھر کے شائقین کے لیے لائسنس یافتہ مصنوعات کے طور پر دستیاب ہوں گی۔
ہر رنگ پر ایک جانب فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا ڈیزائن جبکہ دوسری جانب فاتح ٹیم کی شناخت نمایاں ہوگی۔ ان رنگز کو منفرد نمبر، تصدیقی سرٹیفکیٹ اور متعلقہ کھلاڑی کے مطابق مخصوص سائز کے ساتھ تیار کیا جائے گا۔
فائنل کے فوراً بعد فاتح ٹیم کے کپتان اور ہیڈ کوچ کو یادگاری طور پر عارضی رنگز دی جائیں گی، جبکہ مکمل تیار کردہ 30 مستقل رنگز بعد میں ایک خصوصی تقریب میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کے حوالے کی جائیں گی۔




