سری نگر، 20 جولائی: حکام کے مطابق ڈوڈہ ضلع میں قومی شاہراہ پر رگی نالہ کے مقام پر پیر کے روز پہاڑی سے تیزی سے گرنے والے پتھروں کی زد میں ایک بس اور چند دیگر گاڑیاں آگئیں، جس کے نتیجے میں کم از کم دو افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
حکام نے خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور کو بتایا کہ یہ واقعہ علاقے میں مسلسل پتھر گرنے اور مٹی کے تودے کھسکنے کے دوران پیش آیا۔ حادثے میں دو افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں افراد اور زخمیوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مٹی کے تودے گرنے اور مسلسل پتھر گرنے کے باعث قومی شاہراہ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
حکام نے مزید کہا کہ شاہراہ کی بحالی کا کام جاری ہے، تاہم سڑک کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھولنے میں کچھ وقت لگنے کی توقع ہے۔ — (KNO)





