پہلگام: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پہلگام یاترا بیس کیمپ کا دورہ کر کے شری امرناتھ جی یاترا کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یاتریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مجموعی انتظامی تیاریوں کا معائنہ کیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا، "یہ پانچویں یاترا ہے جس کا میں نے مشاہدہ کیا ہے۔ اس بار کے انتظامات پہلے سے کہیں بہتر ہیں۔ یاتریوں کی جانب سے موصول ہونے والا ردِعمل حوصلہ افزا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ یاترا ایک یادگار اور تاریخی یاترا کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔”
لیفٹیننٹ گورنر نے یاترا کے کامیاب اور پُرامن انعقاد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے جموں و کشمیر پولیس، بھارتی فوج، نیم فوجی دستوں، سول انتظامیہ اور دیگر سرکاری افسران و اہلکاروں کی بہترین ہم آہنگی، انتھک محنت اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات کی تعریف کی۔





