بڈگام، : وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں واقع بیلی برج پر پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کا ایک اہلکار جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔
حکام کے مطابق، دونوں ایس او جی اہلکار ایک سرکاری گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ گاڑی بیلی برج کے اسٹیل گرڈر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ایک اہلکار کو مردہ قرار دیا، جبکہ دوسرے زخمی کا علاج جاری ہے۔
جاں بحق اہلکار کی شناخت ہانجورہ کے رہائشی طارق احمد کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمی اہلکار کی شناخت ریاض احمد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ — (کے این او)




