
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے 13 جولائی کو ایران کے خلاف حالیہ حملوں کی لہر مکمل کر لی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر موجود بیان میں سینٹکام نے دعویٰ کیا گیا کہ پانچ گھنٹے پر مشتمل اس مشن کے دوران، امریکی افواج نے کامیابی کے ساتھ فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔
سینٹکام کے مطابق اس مشن کے دوران، امریکی افواج نے ایران میں فوجی اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا جن میں بوشہر، چاہ بہار، جاسک، کنارک، ابو موسیٰ اور بندر عباس شامل ہیں، تاکہ تجارتی جہازرانی پر حملہ کرنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور بنایا جا سکے۔
سینٹکام کے مطابق امریکی افواج نے ایرانی ساحلی دفاعی نظام، میزائل اور ڈرون تنصیبات، اور بحری صلاحیتوں کے خلاف درست نشانہ لگانے والے ہتھیار استعمال کیے۔
سینٹکام کے مطابق اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں 50 ہزار سے زیادہ امریکی فوجی اہلکار تعینات ہیں۔ امریکی افواج چوکس، مہلک اور ہر وقت تیار ہیں۔
خلیج فارس میں دو بحری جہازوں پر ایران کے حملوں میں ایک انڈین شہری ہلاک، آٹھ زخمی ہو گئے: متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران نے خلیج فارس میں دو بحری جہازوں پر حملہ کیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا کہ دو آئل ٹینکر، مومباسا اور باہیا، آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے میں اور عمان کی علاقائی سمندری حدود میں ایران کے دو کروز میزائلوں کا نشانہ بنے ہیں۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان کے مطابق حملے کے نتیجے میں آئل ٹینکر مومباسا کے عملے کا ایک رکن، جو انڈین شہری تھا، ہلاک ہو گیا جبکہ مزید آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔زخمی ہونے والے چھ افراد کا تعلق انڈیا اور دو کا یوکرین سے ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے اسے ’کھلا حملہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالتا ہے۔
پاسداران انقلاب نے بعد میں ٹیلیگرام پر جاری ایک بیان میں حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دو ٹینکروں نے ایران کے خطرے سے متعلق انتباہات کو نظرانداز کیا اور اپنے نیویگیشن سسٹمز بند کر دیے اور بارودی سرنگوں والے راستے سے گزرنے کی کوشش کی۔
آئی آر جی سی نے کہا کہ اس نے خلاف ورزی کرنے والے ٹینکروں کو نشانہ بنا کر انھیں ناکارہ بنا دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’دشمن کے ساتھ تعاون کا نتیجہ صرف پچھتاوا، نقصان اور آبنائے ہرمز کی بحالی میں تاخیر کی صورت میں نکلے گا، جبکہ اس سے دنیا میں توانائی کا بحران بھی پیدا ہوگا۔‘
ابوظہبی میں امریکی سفارت خانے اور دبئی میں امریکی قونصل خانے نے خدمات عارضی طور پر معطل کر دیں
ابوظہبی میں امریکی سفارت خانے اور دبئی میں قونصل خانے نے اعلان کیا ہے کہ خطے کی سکیورٹی صورتحال کے باعث 13 سے 15 جولائی (موجودہ ہفتے کے پیر، منگل اور بدھ) کے دوران تمام قونصلر خدمات منسوخ کر دی گئی ہیں۔
اعلان میں کہا گیا ہے کہ ان تاریخوں کے دوران جن شہریوں کو ملاقات کا وقت دیا گیا تھا، وہ نہ آئیں اور نئے وقت سے انھیں بعد میں آگاہ کر دیا جائے گا۔یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گذشتہ چند دنوں کے دوران ایران اور امریکہ کے درمیان فوجی کشیدگی میں شدت آئی ہے۔
پاسداران انقلاب کا بحرین میں امریکی اڈے پر جوابی کارروائی کا دعویٰ، شہری پرسکون رہیں، بحرین کی وزارت داخلہ کی اپیل

منگل کی صبح پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں 24 گھنٹوں میں ہونے والے امریکی حملوں کے جواب میں بحرین میں موجود امریکی اڈے الجفیر کے سیٹلائٹ مواصلاتی مرکز اور امریکی افواج کی رہائش گاہ کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
یاد رہے اس سے قبل منگل کی صبح آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جسے ممکنہ طور پر پاسداران انقلاب کی اب تک کی اہم ترین کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے مطابق اس واقعے میں ایک شخص ہلاک جبکہ کم از کم آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پاسداران انقلاب کے قریب سمجھی جانے والی تسنیم خبر رساں ایجنسی نے کویت پر حملوں اور بحرین کے دارالحکومت منامہ میں دھوئیں کے بادل دکھائی دینے کی بھی اطلاع دی ہے۔
بحرین میں خطرے کے سائرن
دوسری جانب بحرین میں ایرانی حملوں کے تناظر میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور شہریوں اور رہائشیوں سے پرسکون رہنے اور قریبی محفوظ مقام پر جانے کی اپیل کی ہے۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان کہا کہ ’ہم شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پرسکون رہیں، قریبی محفوظ مقام پر جائیں اور سرکاری چینلز کے ذریعے خبروں پر نظر رکھیں۔‘





