سرینگر،: کانگریس کی تحقیقاتی کمیٹی اس وقت وادیٔ کشمیر کے دورے پر ہے جہاں وہ پارٹی رہنماؤں سے نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں اور مبینہ طور پر پارٹی مخالف سرگرمیوں کے بارے میں رائے اور معلومات حاصل کر رہی ہے۔
ذرائع نے خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کو بتایا کہ کمیٹی ہفتہ کے روز سرینگر پہنچی تھی اور گزشتہ دو دنوں کے دوران اس نے سرینگر میں کئی اہم پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
کمیٹی نے پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ، اے آئی سی سی کے جنرل سیکریٹری اور دورو کے رکن اسمبلی غلام احمد میر، سابق نائب وزیر اعلیٰ تارا چند اور سابق پی سی سی صدر وکار رسول سے ملاقات کی۔
رابطہ کرنے پر غلام احمد میر نے کمیٹی سے اپنی ملاقات کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا، ’’پارٹی ہائی کمان نے بعض رہنماؤں کی سرگرمیوں کا نوٹس لیا تھا، جس کے بعد اس کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی۔‘‘
کمیٹی نے اتوار کے روز بھی سینئر رہنماؤں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا اور متعدد سابق و موجودہ ارکانِ اسمبلی سے تبادلۂ خیال کیا۔ذرائع کے مطابق، ’’کمیٹی آج بھی پارٹی رہنماؤں کے ساتھ اپنی مشاورت اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔‘‘
واضح رہے کہ 12 جون کو کانگریس ہائی کمان نے جموں و کشمیر یونٹ میں نظم و ضبط سے متعلق معاملات اور مبینہ خلاف ورزیوں کی جانچ کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اس کمیٹی میں شکتی سنگھ گوہل بطور کنوینر جبکہ ڈاکٹر امر سنگھ اور رفیق خان بطور اراکین شامل ہیں۔ —(کے این او)





