نئی دہلی،:امتحانی پرچہ افشا ہونے اور امتحانی بے ضابطگیوں کے الزامات کے درمیان، مرکز نے منگل کے روز 3 مئی کو منعقد ہونے والا NEET-UG 2026 امتحان منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ ملک کا سب سے بڑا انڈرگریجویٹ میڈیکل داخلہ امتحان دوبارہ ایسے تاریخوں پر منعقد کیا جائے گا جن کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
حکومت نے اس معاملے کی جامع تحقیقات کے لیے اسے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے حوالے بھی کر دیا ہے۔نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے مطابق یہ فیصلہ مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد سامنے آنے والی معلومات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شیئر کیے گئے نتائج کی بنیاد پر کیا گیا، جنہوں نے امتحانی عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھائے۔
این ٹی اے کے بیان میں کہا گیا:”مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد این ٹی اے کی جانب سے موصول ہونے والی معلومات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تفتیشی نتائج کی بنیاد پر، اور نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے، حکومت ہند کی منظوری سے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے 3 مئی 2026 کو منعقد ہونے والا NEET (UG) 2026 امتحان منسوخ کرنے اور اسے دوبارہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔”
ایجنسی نے مزید کہا کہ موجودہ امتحانی عمل کو برقرار نہیں رکھا جا سکتا تھا۔این ٹی اے نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے الزامات کی مکمل تحقیقات کے لیے معاملہ سی بی آئی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادارے نے کہا کہ وہ تفتیشی عمل میں مکمل تعاون کرے گا اور تمام ریکارڈ، مواد اور ضروری معاونت فراہم کرے گا۔
طلبہ اور والدین کو درپیش مشکلات کا اعتراف کرتے ہوئے این ٹی اے نے کہا کہ یہ فیصلہ تعلیمی نظام کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اگر یہ قدم نہ اٹھایا جاتا تو اعتماد کو زیادہ اور دیرپا نقصان پہنچ سکتا تھا۔
این ٹی اے کے مطابق امیدواروں کی رجسٹریشن، کوائف اور امتحانی مراکز دوبارہ امتحان کے لیے بھی کارآمد رہیں گے۔ نئی رجسٹریشن یا اضافی فیس کی ضرورت نہیں ہوگی، جبکہ پہلے سے جمع کرائی گئی فیس بھی واپس کر دی جائے گی۔
ایجنسی نے کہا کہ نئے امتحانی شیڈول اور ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے کی تاریخوں کا اعلان آئندہ دنوں میں سرکاری ذرائع سے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ NEET-UG بھارت میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور دیگر انڈرگریجویٹ میڈیکل کورسز میں داخلے کے لیے واحد قومی سطح کا امتحان ہے، جو 3 مئی کو پین اور پیپر موڈ میں 5,400 سے زائد مراکز پر 551 شہروں اور 14 غیر ملکی شہروں میں منعقد ہوا تھا۔ تقریباً 22.79 لاکھ طلبہ نے اس امتحان میں حصہ لیا تھا۔ (اے این آئی)





