ہفتہ, جولائی 18, 2026
23.8 C
Srinagar

جموں و کشمیر میں منشیات کے خلاف 2 لاکھ سے زائد عوامی آگاہی پروگرام منعقد: لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا

بارہمولہ:جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرے کے خلاف حکومت کی مہم کے تحت اب تک 2 لاکھ سے زائد عوامی رابطہ اور آگاہی پروگرام منعقد کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی مسلسل جاری رہے گی۔

بارہمولہ میں ایک میگا پیدل مارچ سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس نے منشیات کے خاتمے کے لیے آگاہی اور نفاذِ قانون دونوں سطحوں پر اقدامات کو مزید تیز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا، "مجھے بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر بھر میں 2 لاکھ سے زائد آگاہی پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔ میں بارہمولہ انتظامیہ کی اس مہم میں عوامی تعاون کے ساتھ کوششوں سے مطمئن ہوں۔”

انہوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ منشیات مہم کو مزید سخت کیا جائے گا اور اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث کسی بھی شخص کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

انہوں نے کہا، "ہم اس مہم کو مزید بلندیوں تک لے جائیں گے۔ گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخی، لُک آؤٹ نوٹس اور جائیداد ضبطی جیسے اقدامات منشیات اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کیے جائیں گے، چاہے وہ کہیں بھی ہوں۔”

لیفٹیننٹ گورنر نے ایک بار پھر کہا کہ منشیات استعمال کرنے والے افراد کو مجرم نہیں بلکہ متاثرہ سمجھا جائے گا اور انہیں ہمدردی کے ساتھ بحالی کے عمل سے گزارا جائے گا۔

انہوں نے کہا، "گزشتہ 30 دنوں سے میں مسلسل کہہ رہا ہوں کہ منشیات استعمال کرنے والے لوگ متاثرہ ہیں، مجرم نہیں۔ ہم انہیں محبت کے ساتھ سنبھال کر دوبارہ نارمل زندگی کی طرف لائیں گے۔”

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات فروشی میں ملوث افراد یا انسدادِ منشیات مہم میں کسی بھی سستی کی صورت میں فوری طور پر انتظامیہ کو آگاہ کریں۔

انہوں نے کہا، "اب ہمارے لیے ہر لمحہ اہم ہے۔ اگر مہم میں کوئی سستی ہو تو لوگ ہمیں اطلاع دیں، ہم کارروائی کریں گے۔”

لیفٹیننٹ گورنر نے علماء، مبلغین، بزرگوں اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ نوجوانوں کو منشیات سے بچانے کے لیے اس اجتماعی مہم میں بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ "یہ ایک اجتماعی ذمہ داری ہے اور معاشرے کے ہر طبقے کو اس میں شامل ہونا ہوگا۔ ہم جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانے اور اپنے نوجوانوں کو ہر قیمت پر بچانے کے لیے پرعزم ہیں۔” — (کے این او)

Popular Categories

spot_imgspot_img