سرینگر، 12 مئی: اکنامک آفینسز ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے ضلع کپوارہ کے ایک شخص کے خلاف سرکاری نوکریاں دلانے کے بہانے کئی افراد سے دھوکہ دہی کرنے کے الزام میں تین مقدمات درج کیے ہیں۔ حکام نے پیر کے روز یہ جانکاری دی۔
ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ کرائم برانچ جموں و کشمیر کی اکنامک آفینسز ونگ کشمیر نے ملزم عبدالمجید میر ولد عبدالرحیم میر ساکن لستیال کلاروس، کپوارہ کے خلاف تین الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے مختلف سرکاری محکموں اور مالیاتی اداروں میں نوکری دلانے کے بہانے متعدد افراد کو دھوکہ دیا۔
ترجمان کے مطابق، ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نے سرکاری ملازمت کا جھانسہ دے کر متاثرین سے بھاری رقم وصول کی۔
انہوں نے کہا کہ ملزم نے متاثرین کو دھوکہ دینے اور ان کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے جعلی اور فرضی تقرری نامے تیار کیے اور فراہم کیے، جنہیں سرکاری ایجنسیوں اور جموں و کشمیر بینک کی جانب سے جاری شدہ ظاہر کیا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزم کے اقدامات بادی النظر میں رنبیر پینل کوڈ (آر پی سی)، سابقہ انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) اور بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس ) کی متعلقہ دفعات کے تحت قابلِ سزا جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ عبدالمجید میر ایک عادی مجرم ہے، جس کے خلاف کرائم برانچ کشمیر ماضی میں بھی دو مقدمات چالان کر چکی ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ معاشی دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں اور اس نوعیت کے کسی بھی واقعے کی اطلاع براہِ راست ایس ایس پی ای او ڈبلیو کشمیر (کرائم برانچ جموں و کشمیر) عبدالوحید شاہ کو دیں۔ اگر کوئی شخص معاشی فراڈ کا شکار ہوا ہو تو وہ اپنی شکایت سرکاری ای میل [email protected] پر بھی ارسال کر سکتا ہے۔





