ہوگلی،: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کولکاتہ میں دریائے ہوگلی میں کشتی کی سواری کرتے ہوئے اپنی تصویریں شیئر کیں۔
مسٹر مودی کی طرف سے شیئر کی گئی تصویروں میں انہیں ہاتھ میں کیمرہ لیے ایک لکڑی کی کشتی پر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے پس منظر میں ودیا ساگر سیتو نظر آ رہا ہے۔ مسٹر مودی نے سوشل میڈیا ایکس پر دریائے ہوگلی میں کشتی میں سواری کے دوران فوٹوگرافی کرتے ہوئے تصویریں شیئر کیں۔
تصویروں میں وزیر اعظم کشتی میں ہاتھ میں کیمرہ لیے نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے لکھا، "دریائے ہوگلی کے کناروں سے کچھ مزید جھلکیاں۔ اس عظیم دریا کی تصویریں کھینچنے کی کوشش کی۔ ساتھ ہی ودیا ساگر سیتو اور ہوڑہ برج کی بھی قریب سے جھلک ملی۔” انہوں نے دریائے ہوگلی کو مغربی بنگال کی ثقافت کا اٹوٹ حصہ قرار دیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر ہوگلی میں کشتی کی سواری والی تصویریں شیئر کرتے ہوئے لکھا، "ہر بنگالی کے لیے گنگا کا ایک بہت ہی خاص مقام ہے۔ یہ کہا جا سکتا ہے کہ گنگا بنگال کی روح میں بہتی ہے۔ اس کا مقدس پانی ایک پوری تہذیب کے لافانی جذبے کو اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔”
انہوں نے مزید لکھا، "آج صبح کولکاتہ میں، میں نے دریائے ہوگلی کے کنارے کچھ وقت گزارا—یہ ماں گنگا کے تئیں شکر گزاری کا ایک موقع تھا۔ ساتھ ہی، مجھے وہاں کشتی چلانے والوں سے ملنے کا بھی موقع ملا، جن کی محنت کرنے کی عادت واقعی قابلِ تعریف ہے اور میں وہاں صبح کی سیر کرنے والوں سے بھی ملا۔”
انہوں نے کہا، "ہوگلی کے کنارے میں نے مغربی بنگال کی ترقی اور عظیم بنگالی لوگوں کی خوشحالی کے لیے کام کرنے کے اپنے عزم کو ایک بار پھر دہرایا۔”
یواین آئی





