سرینگر،:قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جمعہ کے روز جموں میں درج ایک دہشت گردی سے متعلق کیس کے سلسلے میں اپنی تحویل میں موجود ایک ملزم کی زمین کا ایک قطعہ ضبط کر لیا۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ یہ کارروائی این آئی اے کی ایک ٹیم نے انجام دی جس کی قیادت ڈپٹی سپرانٹنڈنٹ آف پولیس پنچکچ اگروال کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ضبط کی گئی جائیداد تفظل حسین پارمو کی ہے، جو عبدالرشید پارمو کے بیٹے اور شیخُ العالم کالونی، نوگام، سرینگر کے رہائشی ہیں۔
انہوں نے کہا، “یہ جائیداد 11.5 مرلہ اراضی پر مشتمل ہے جو سروے نمبر 25 کے تحت ایس کے باغ، بڈگام میں واقع ہے۔”
عہدیدار نے مزید کہا کہ ملزم اس وقت این آئی اے کی تحویل میں ہے اور اس کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، آرمز ایکٹ اور ایکسپلوسیو سبسٹینس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی نائب تحصیلدار بی کے پورہ اور دیگر حکام کی موجودگی میں انجام دی گئی۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔(کے این او)





