بنگال اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 152 نشستوں پر پولنگ کا آغاز
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 152 نشستوں پر ووٹنگ جمعرات کی صبح 7 بجے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان شروع ہو گئی۔ پولنگ بوتھس کے باہر ووٹرز کافی جوش و خروش میں نظر آئے اور لوگوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
خواتین اور پہلی بار ووٹ دینے والے نوجوانوں میں خاصی ہمت اور خوشی نظر آ رہی ہے۔ 16 اضلاع میں پھیلے 1478 امیدواروں جن میں 167 خواتین شامل ہیں، کی قسمت کا فیصلہ کرنے کے لیے لوگ پولنگ شروع ہونے سے پہلے ہی قطاروں میں کھڑے ہو گئے تھے۔
ووٹنگ کا وقت شام 6 بجے تک مقرر ہے، تاہم جو لوگ اس وقت تک قطار میں شامل ہو جائیں گے، انہیں وقت ختم ہونے کے بعد بھی ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جائے گی۔ اس مرحلے میں مجموعی طور پر 3.60 کروڑ سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں، جن کے لیے 44,376 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ ان میں سے 5,444 بوتھس کی نگرانی خواتین کر رہی ہیں۔
انتخابات کو پرامن اور شفاف بنانے کے لیے الیکشن کمیشن نے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے ہیں۔ مرکزی مسلح پولیس فورس کی 2,407 کمپنیاں، جن میں 2.4 لاکھ سے زائد اہلکار شامل ہیں، تعینات کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں اور ویب کاسٹنگ کے ذریعے ہر بوتھ کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ 800 سے زائد بوتھس کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
اس مرحلے میں شمالی بنگال کے 8 اضلاع بشمول دارجلنگ، مالدہ اور کوچ بہار کے ساتھ ساتھ مغربی اور وسطی بنگال کے مختلف اضلاع میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 2021 کے اسمبلی انتخابات میں، ان 152 نشستوں میں سے ترنمول کانگریس نے 92 اور بی جے پی نے 59 نشستیں حاصل کی تھیں۔
تمل ناڈو اسمبلی کی تمام 234 نشستوں کے لیے ووٹنگ کا آغاز
تمل ناڈو اسمبلی کی تمام 234 نشستوں پر جمعرات کی صبح 7 بجے سے ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے، جو شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔
ریاست بھر کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر صبح سویرے سے ہی ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کو پرامن اور شفاف طریقے سے مکمل کرانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے ہیں۔ ریاست بھر میں کل 75,032 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں، جن میں سے 5,938 کو حساس قرار دیا گیا ہے اور وہاں خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے۔
سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت مرکزی نیم فوجی دستوں کی تقریباً 300 کمپنیاں مختلف علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں۔ مجموعی طور پر ریاست کے تقریباً 1.50 لاکھ سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں، جن میں 1.18 لاکھ مستقل پولیس اہلکار اور 20,000 ریپڈ ایکشن فورس، ہوم گارڈز اور ریٹائرڈ پولیس اہلکار شامل ہیں۔
اس بار انتخابی میدان میں کل 4,023 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں، جن میں 443 خواتین امیدوار شامل ہیں۔ ریاست کے 5.67 کروڑ ووٹرز میں سے 2.70 کروڑ سے زائد مرد، 2.89 کروڑ خواتین اور 7,728 تیسری جنس (ٹرانس جینڈر) سے تعلق رکھنے والے ووٹرز ہیں۔ نوجوانوں میں بھی کافی جوش و خروش ہے، جہاں 18 سے 29 سال کی عمر کے ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہے۔
ووٹنگ کے اختتام کے بعد ای وی ایم مشینوں کو سیل کر کے گنتی کے مراکز کے ‘اسٹرانگ رومز’ میں منتقل کر دیا جائے گا، جہاں سکیورٹی اہلکار چوبیس گھنٹے پہرہ دیں گے۔
بنگال انتخابات کا پہلا مرحلہ: وزیر اعظم مودی کی ریکارڈ ووٹنگ کی اپیل
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ شروع ہونے کے چند منٹ بعد ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں سے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔
ریاست کے 16 اضلاع میں پھیلی 152 نشستوں پر جاری اس انتخابی عمل کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے لکھا: "مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے۔ میں تمام شہریوں سےاور خاص طور پر اپنے نوجوان دوستوں اور بنگال کی خواتین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں۔”
تمل ناڈو کے ووٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس جمہوری فریضے کو جوش و خروش سے انجام دیں تاکہ ووٹنگ کے نئے ریکارڈ قائم ہو سکیں۔
کھڑگے کی تمل ناڈو اور مغربی بنگال کے عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے جمعرات کو تمل ناڈو اور مغربی بنگال کے ووٹرز سے بڑی تعداد میں پولنگ میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی یہ لڑائی شہریوں کے حقوق کو محفوظ بنانے اور وفاقی ڈھانچے، مساوات، انصاف، آزادی اور منطق پسندی کے دفاع کے لیے ہے۔
تمل ناڈو کے ووٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے مسٹر کھڑگے نے سوشل میڈیا پر کہا کہ یہ اپنے جمہوری حق کو استعمال کرنے اور ان طاقتوں کے خلاف کھڑے ہونے کا وقت ہے جو ریاستوں کے حقوق کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر پہلی بار ووٹ دینے والے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں نکلیں اور ریاست کے مستقبل کو مضبوط بنائیں۔
مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے موقع پر انہوں نے تمام شہریوں سے ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی درخواست کی۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی طرح کے خوف یا دباؤ میں آئے بغیر ووٹ ڈالیں، کیونکہ "آپ کا ووٹ ہی آپ کی آواز ہے۔”
مسٹر کھڑگے نے آئین کی راہ پر چلتے ہوئے جمہوریت کی روح کو برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال عظیم رہنماؤں کی سرزمین رہی ہے جنہوں نے جمہوریت، سماجی انصاف اور مساوات کے لیے جدوجہد کی، اور ان اقدار کو برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے خاص طور پر کہا کہ وہ پورے اعتماد کے ساتھ اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں تاکہ حقیقی ترقی ریاست کے ہر کونے تک پہنچ سکے۔
واضح رہے کہ اس وقت تمل ناڈو اور مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔





