ہفتہ, جولائی 18, 2026
23.8 C
Srinagar

اودھمپور میں مسافر بس کھائی میں جا گری، 12 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ایل جی منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی 

اودھمپور،: حکام کے مطابق پیر کے روز اودھمپور ضلع کے رام نگر علاقے میں ایک مسافر بس سڑک سے پھسل کر حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔

ایک سرکاری اہلکار نے خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کو بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد پولیس، امدادی ٹیمیں اور مقامی لوگ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حادثے میں کم از کم 12 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا۔ “زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔”

ادھر مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ المناک سڑک حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد انہوں نے ڈپٹی کمشنر اودھمپور سے بات کی۔

انہوں نے کہا کہ فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا۔ “زخمیوں کو طبی امداد کے لیے منتقل کیا جا رہا ہے۔ شدید زخمیوں کو فضائی راستے سے منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ میں مقامی انتظامیہ اور اپنے مقامی کارکنوں سے مسلسل رابطے میں ہوں۔”

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی اس افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، “سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔ اللہ انہیں صبر عطا فرمائے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔ میں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور محکمہ صحت کو متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔”

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس غم کی گھڑی میں متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے، اور ہر ضروری مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ (کے این او)

Popular Categories

spot_imgspot_img