سرینگر: واٹر ورکس ڈویژن سرینگر نے اعلان کیا ہے کہ شہر کے بڑے اور ملحقہ علاقوں میں 21 اپریل سے تقریباً 48 گھنٹوں تک پینے کے پانی کی فراہمی متاثر رہے گی۔
ایگزیکٹو انجینئر کی جانب سے جاری عوامی نوٹس کے مطابق یہ خلل سندھ پاور کنال (فیز سوم) پر ہنگامی مرمتی کاموں کے باعث ہوگا، جو گاندربل میں متعلقہ حکام کی جانب سے 21 اور 22 اپریل کو انجام دیے جائیں گے۔
مرمتی کاموں کی وجہ سے اہم واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس، جن میں آلسٹینگ اور رنگل شامل ہیں، کو خام پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں پینے کے پانی کی تقسیم عارضی طور پر بند رہے گی۔
پانی کی فراہمی میں خلل 21 اپریل صبح 6 بجے شروع ہوگا اور امکان ہے کہ 23 اپریل صبح 6 بجے تک جاری رہے گا۔
حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ متاثرہ مدت کے دوران اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے پہلے سے مناسب مقدار میں پانی ذخیرہ کر لیں۔
سرینگر کے کئی علاقوں، جن میں صورہ، حبک، نگین، زڈی بل، حول، نوہٹہ، لال بازار، حضرت بل، رعناواری، خانیار، نواب بازار، کرن نگر، عیدگاہ، بٹہ مالو، قمر واری اور ملحقہ علاقے شامل ہیں، میں اس کے اثرات متوقع ہیں۔
محکمے نے پانی کی قلت سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے صوبائی کنٹرول روم کے رابطہ نمبرات بھی جاری کیے ہیں۔ [KNT]





