ہفتہ, جولائی 18, 2026
23.8 C
Srinagar

ادھم پور میں مسافر بس کھائی میں جا گری، 19 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ، وزیر اعظم کی جانب سے معاوضے کا اعلان

ادھم پور،: حکام کے مطابق پیر کے روز ضلع ادھم پور کے رام نگر کاگورٹ گاؤں میں ایک مسافر بس سڑک سے پھسل کر کھائی میں گرنے کے نتیجے میں کم از کم 19 افراد جاں بحق جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔

ایک سرکاری اہلکار نے خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کو بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور مقامی لوگ جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں کم از کم 19 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا۔“زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔”

ڈی آئی جی ادھم پور-ریاسی رینج شیو کمار شرما نے کہا کہ جائے حادثہ پر سڑک کا موڑ بہت تیز ہے۔انہوں نے کہا۔ “ممکن ہے ڈرائیور اس تیز موڑ پر گاڑی کا کنٹرول کھو بیٹھا ہو۔ گاڑی ایک حفاظتی دیوار سے ٹکرائی اور کھائی میں جا گری،” گاڑی کے اوورلوڈ ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ تفتیش کا موضوع ہے۔

دریں اثنا، وزیر اعظم نریندر مودی  نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا، “ادھم پور، جموں و کشمیر میں بس حادثے میں جانی نقصان کی خبر سن کر دکھ ہوا۔ میں متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔”

انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے لیے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ  نے کہا کہ اس المناک حادثے میں 16 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے جبکہ کئی دیگر شدید زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا، “پولیس، ایس ڈی آر ایف اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور ریسکیو و انخلا کی کارروائیاں جاری ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے جی ایم سی ادھم پور منتقل کیا جا رہا ہے۔ میں اور میرا دفتر مسلسل رابطے میں ہیں۔”

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “میری گہری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ انہیں صبر عطا فرمائے۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔ میں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور محکمہ صحت کو ہدایت دی ہے کہ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔”

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ  نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس دکھ کی گھڑی میں متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ (کے این او)

Popular Categories

spot_imgspot_img