اسرائیلی فوج اندرونی طور پر ٹوٹ سکتی ہے: اسرائیلی آرمی چیف کی وارننگ
اسرائیلی آرمی چیف ایال زمیر نے اسرائیلی فوج کے اندرونی طور پر ٹوٹ جانے کی وارننگ دے دی ہے ۔ ایک بیان میں اسرائیلی آرمی چیف نے کہا کہ میں 10 لال جھنڈے کھڑے کرکے وارننگ دے رہا ہوں، میدان جنگ میں ریزرو فوجی مزید نہیں لڑ پائیں گے۔

انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ریزرو فوجیوں سے متعلق قوانین کی ترمیم و دیگر اقدام نہ کیے گئے تو اسرائیلی فوج اندرونی طور پر ٹوٹ جائے گی۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم نفٹالی بینٹ نے کہا کہ اسرائیل کو 20 ہزار فوجیوں کی کمی ہے، حکومت نے بغیر حکمت علمی، کم وسائل اور فوجیوں کے ساتھ جنگ شروع کی۔
ادھر ہائیر لیپڈ نے کہا کہ 13 سال سے سکیورٹی کابینہ کا حصہ ہوں، اتنی سنگین وارننگ کسی آرمی چیف سے نہیں سنی۔

آبنائے باب المندب میں نیا محاذ، امریکی ایف 18 گرایا: ایران
پاسدارانِ انقلاب نے ایرانی فضائی حدود میں ایف 18 سمیت 2 امریکی جنگی جہازوں کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔روسی میڈیا نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے دونوں امریکی لڑاکا طیاروں کو نشانہ بنانے کی ویڈیو بھی جاری کردی ہے ۔اس سے پہلے گزشتہ دنوں امریکی لڑاکا طیارہ ایف 35 بھی نشانہ بنایا گیا تھا اور امریکی میڈیا گزشتہ دنوں ایران جنگ میں امریکا کے کم از کم 16 طیاروں کو نقصان کی خبر بھی نشر کر چکا ہے۔
دوسری جانب ایران نے آبنائے باب المندب میں نیا محاذ کھولنے سے بھی خبردار کر دیا ہے۔ایرانی فوجی ذرائع کے حوالے سے نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایرانی علاقوں پر حملے جاری رہے تو آبنائے باب المندب میں نیا محاذ کھل سکتا ہے، باب المندب یمن کے نزدیک آبی گزرگاہ ہے جو بحیرۂ احمر کو خلیج عدن سے ملاتی ہے۔

ایران نے اسرائیل کے اہم اہداف پر نئے ڈرون حملے کیے: رپورٹ
ایران کی فوج نے اسرائیل کے اہم مقامات پر نئے ڈرون حملے کیے ہیں، جن میں حیفہ شہر میں واقع ایندھن اور بحری تنصیبات بھی شامل ہیں۔ یہ خبر پریس ٹی وی نے جمعہ کے روز دی۔
رپورٹس کے مطابق ایران، امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو شروع کیے گئے مشترکہ فوجی آپریشن کے جواب میں اسرائیلی علاقوں اور مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اہداف پر حملے کر رہا ہے۔ اس فوجی کارروائی کے پہلے ہی دن ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای جاں بحق ہو گئے تھے اور جنوبی ایران میں ایک لڑکیوں کے اسکول پر بھی بمباری کی گئی تھی۔ ایران کے مطابق اس میں مرنے والوں کی تعداد 1200 سے تجاوز کر چکی ہے۔
اسرائیل نے جنوبی لبنان کی 8 بستیوں پر فاسفورس گولہ بارود استعمال کیا: رپورٹ
لبنانی نیشنل نیوز ایجنسی (این این اے) کے مطابق اسرائیلی توپخانے نے جنوبی لبنان کے آٹھ بستیوں پر فاسفورس گولے داغے۔بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی علاقوں میں فاسفورس گولہ بارود کا استعمال ممنوع ہے۔ اقوامِ متحدہ اور ریڈ کراس کے ضوابط کے مطابق شہری آبادی یا گنجان آباد علاقوں میں آتش گیر ہتھیاروں کا استعمال سختی سے منع ہے۔

یہ پابندی "کنونشن آن سرٹن کنوینشنل ویپنز” میں درج ہے، جو ایسے حملوں کو روکتا ہے جن سے غیر ضروری اور شدید انسانی تکلیف کا اندیشہ ہو۔ فاسفورس کے استعمال سے شدید جلنے کے زخم اور آگ لگنے کا خطرہ ہوتا ہے، اس لیے اسے شہریوں کے خلاف استعمال کرنا بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی اور ممکنہ جنگی جرم سمجھا جاتا ہے۔

اسرائیل کی قومی ہنگامی سروس ماگین ڈیوڈ ایڈوم (ایم ڈی اے) کے مطابق لبنان کی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے کی گئی گولہ باری کے نتیجے میں شمالی اسرائیل میں ایک شخص ہلاک اور 11 زخمی ہوئے۔
لبنان نے بارہا اسرائیل پر اپنی خودمختاری کی منظم خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے، حالانکہ نومبر 2024 میں جنگ بندی کا معاہدہ ہو چکا تھا۔ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے پانچ اہم مقامات پر اب بھی موجود ہے، جن میں غجر گاؤں کا شمالی حصہ بھی شامل ہے۔ لبنانی حکام اسے مسلسل قبضہ اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کی خلاف ورزی قرار دیتے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا دعوی ہے کہ یہ حملے حزب اللہ کے فوجی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔ اسرائیل نے بار بار اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ حزب اللہ کے فوجی ونگ کے رہنماؤں اور شیعہ تحریک سے لاحق خطرے کو ختم کرنے کے لیے لبنان پر حملہ جاری رکھے گا ۔

مغربی پابندیاں روس سے زیادہ مغربی ممالک کے لیے نقصان دہ ہیں: ڈوڈک
بوسنیا اور ہرزیگوینا میں سرب اکثریتی ادارے ریپبلیکا سرپسکا میں حکمران آزاد سوشل ڈیموکریٹ اتحاد کے لیڈر میلوراڈ ڈوڈک نے کہا کہ روس کے خلاف پابندیاں روس سے زیادہ مغربی ممالک کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
مسٹر ڈوڈک نے کہا کہ "یہ واضح ہے کہ یہ پابندیاں روس کے مقابلے میں انہیں نافذ کرنے والوں کو زیادہ نقصان پہنچاتی ہیں۔ یقیناً، بہتر ہوتا اگر یہ پابندیاں ہوتی ہی نہیں، تاکہ لوگ، ریاست اور قوم بغیر کسی رکاوٹ کے آزادانہ طور پر کام کر سکیں۔
ماسکو نے بارہا کہا ہے کہ وہ روس کے خلاف مغربی پابندیوں کے دباؤ کا مقابلہ کرے گا، جو کئی سال پہلے شروع ہوئی تھیں اور مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ ماسکو نے یہ بھی کہا ہے کہ مغرب میں روس کے خلاف پابندیوں کی ناکامی کو تسلیم کرنے کی ہمت نہیں ہے۔ مغربی ممالک کے حکام نے باربار اس خیال کا اظہار کیا ہے کہ پابندیاں غیر موثر ہیں۔
آبنائے ہرمز بند کرنا تہران کا قانونی حق ہے:ایرانی وزیرِ خارجہ
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اقوامِ متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران کہا کہ آبنائے ہرمز کو بند کرنا ایران کا قانونی حق ہے۔ یہ بات پریس ٹی وی نے وزیر کے حوالے سے جمعہ کے روز رپورٹ کی۔

28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے مختلف مقامات، بشمول تہران پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا اور عام شہری بھی متاثر ہوئے۔ اس کے جواب میں ایران نے اسرائیلی علاقوں اور مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
ایران کے گرد بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز عملاً بندش کا شکار ہو گئی ہے۔ یہ راستہ خلیجی ممالک سے عالمی منڈی تک تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل کے لیے نہایت اہم سمجھا جاتا ہے۔ اس صورتحال نے خطے میں تیل کی پیداوار اور برآمدات کو متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
ٹرمپ نے ایران کے پاور پلانٹ پر حملہ 10 دن کے لیے موخر کر دیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز کہا کہ ایرانی حکومت کی درخواست پر انہوں نے ایرانی پاور پلانٹس پر حملے کا عمل 10 دن کے لیے روک دیا ہے۔ مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس عمل کو 6 اپریل کو مشرقی وقت کے مطابق رات 8 بجے تک کے لیے ملتوی کر رہے ہیں۔

مسٹر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا، "ایرانی حکومت کی درخواست پر، میں پاور پلانٹس پر حملے کی مدت پیر 6 اپریل کی رات 8 بجے تک (مشرقی وقت کے مطابق) 10 دن کے لیے روک رہا ہوں۔”
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بات چیت جاری ہے اور جعلی میڈیا اور دیگر کی جانب سے اس کے برعکس دئے گئے غلط بیانات کے باوجود، یہ بہت اچھی طرح سے آگے بڑھ رہی ہے۔ تاہم ایران نے مسلسل اس بات کی تردید کی ہے کہ امریکہ کے ساتھ کوئی بات چیت جاری ہے۔
تہران کے وسط میں بڑے پیمانے پر حملے کیے گئے:اسرائیلی فوج
اسرائیل ڈیفنس فورسز نے جمعہ کے روز کہا کہ اس نے تہران کے وسط میں بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں۔
آئی ڈی ایف نے ٹیلی گرام پر کہا ، "تھوڑی دیر پہلے ، آئی ڈی ایف نے تہران کے وسط میں ایرانی دہشت گرد حکومت کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بناتے ہوئے بڑے پیمانے پر حملے مکمل کیے ۔”
دوسری جانب ایرانی میڈیا پریس ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ ایران نے "آپریشن ٹرو پرومس 4” کی 83ویں لہر شروع کر دی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اس کارروائی کے دوران ایرانی مسلح افواج نے جرمنی، ہندستان، اسپین اور پاکستان کے عوام کی جانب سے ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ایران سے متعلق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس آج ہوگا: روسی مشن
روس نے ایران میں شہری تنصیبات پر ہونے والے حملوں کے معاملے پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔ یہ اجلاس آج جمعہ کو ہوگا۔
اقوامِ متحدہ میں روسی مشن کے ترجمان یوگینی اوسپینسکی کے مطابق، یہ مشاورتیں آج نیویارک کے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے (14:00 جی ایم ٹی) منعقد ہوں گی۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ روس نے ایران میں جاری حملوں، خاص طور پر تعلیمی اور طبی مراکز سمیت شہری ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے معاملے پر یہ ہنگامی مشاورت طلب کی ہے۔

اسرائیلی حملوں میں لبنان میں ہلاکتوں کی تعداد 1,116 تک پہنچی: وزارتِ صحت
لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق 2 مارچ سے اب تک اسرائیلی حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 1,116 ہو گئی ہے، جبکہ 3,229 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق: "2 مارچ سے جاری حملوں کے نتیجے میں مجموعی ہلاکتیں 1,116 تک پہنچ گئی ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 3,229 ہو چکی ہے۔”
وزارت نے مزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 افراد ہلاک اور 110 زخمی ہوئے۔
حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کا آغاز 2 مارچ 2026 کی رات ہوا، جب لبنانی تنظیم نے خطے میں بگڑتی صورتحال کے دوران اسرائیلی علاقوں پر دوبارہ میزائل حملے شروع کیے۔ اس کے جواب میں اسرائیل نے لبنان کے مختلف علاقوں، خصوصاً جنوبی حصوں، وادیٔ بقاع اور بیروت کے نواحی علاقوں پر بڑے پیمانے پر حملے کیے۔
16 مارچ کو اسرائیلی فوج نے باضابطہ طور پر جنوبی لبنان میں زمینی کارروائی شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔
یو این آئی





