سرینگر: جموں و کشمیر سے سامنے آنے والے ہمدردی اور انسانی جذبے کے ان مناظر نے دلوں کو چھو لیا جہاں مختلف گوشوں، خاص طور پر شیعہ اکثریتی اضلاع بڈگام اور بارہمولہ میں لوگوں نے جنگ زدہ ایران کے متاثرہ عوام کی مدد کے لیے بڑے پیمانے پر چندہ مہم شروع کی ہے۔
اس چندہ مہم نے عید کے ایک دن بعد اتوار کو کافی زور پکڑا۔ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے لوگوں نے نہ صرف نقد رقم عطیہ کی بلکہ سونے کے زیورات، تانبے کے روایتی برتنوں اور مویشیوں تک کو عطیہ کر دیا۔
ایرانی سفارت خانے نے شکریہ کے ساتھ اس اقدام کو سراہا
بھارت میں ایرانی سفارت خانے نے کشمریوں کے اس جذبے کو قدر کرتے ہوئے گہرے تشکر کا اظہار کیا۔ مائیکروبلاگنگ سائٹ ‘ایکس’ پر عطیات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے سفارت خانے نے لکھا کہ ‘یہ احسان کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور یہ ان کی یادوں میں ہمیشہ نقش رہے گا۔’

چندے میں زیورات، بچوں کی عیدی اور مویشی تک شامل
حکام کے مطابق اس مہم میں مرد، خواتین اور بچوں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ متاثرہ ایرانی عوام کی مدد کے لیے دیے گئے عطیات کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ایران کی صورت حال پر لوگ کس قدر حساس اور جذباتی ہیں۔
بھارت میں ایرانی سفارت خانے نے شکریہ کے ساتھ اس اقدام کو سراہا۔ عطیات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ایرانی سفارت خانے نے ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ "ہم آپ کی مہربانی اور انسانیت کو کبھی نہیں فراموش کریں گے۔ شکریہ، انڈیا۔”




