جموں: منشیات اسمگلنگ کے خلاف مہم کو تواتر کے ساتھ جاری رکھتے ہوئے جموں پولیس نے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن میرن صاحب کی ایک ٹیم نے رتیان روڈ میرن صاحب پر ناکہ کے دوران دو افراد کو دھر لیا جنہوں نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے 14.71 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو بر سرموقع ہی گرفتار کیا گیا۔ملزموں کی شناخت روہت ورما ولد رومیش لال ساکن کرشن نگر بستی جموں اور مونو ورما ولد بچن لال ساکن مرلیا میرن صاحب جموں کے طور پر کی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن میرن صاحب میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 41/2026 درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں پولیس معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔





