امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ میں کشیدگی آنے کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 10 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر چکی ہے۔ یہ خدشہ پایا جا رہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل رکاوٹ کا شکار رہ سکتی ہے۔
ایشیا میں برینٹ کروڈ کی قیمت 24 فیصد اضافے کے ساتھ 114.74 فی بیرل رہی۔آبی گزر گاہ آبنائے ہرمز کے ذریعے دنیا کے 20 فیصد تیل کی ترسیل ممکن ہو پاتی ہے۔ لیکن جنگ کی شروعات سے وہاں ٹینکر جمع ہو رہے ہیں۔
توانائی کی مصنوعات کے راستے میں اس بڑی رکاوٹ کے باعث یہ خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ دنیا بھر میں صارفین اور کاروباروں کے لیے قیمتیں بڑھ سکتی ہیں۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے بعد ٹریڈنگ معطل
پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں قریب 10 ہزار پوائنٹس کی گراوٹ کے بعد ٹریڈنگ عاضی طور پر روکی گئی ہے۔
جنوبی کوریا میں ایندھن کی قیمتوں پر حد مقرر
ایشیا کی بڑی معیشتوں پر توانائی کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات ظاہر ہو رہے ہیں۔ جنوبی کوریا میں حکام نے قریب 30 سال میں پہلی بار ایندھن کی قیمتوں پر حد مقرر کی ہے۔
کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں بات کرتے ہوئے جنوبی کوریا کے صدر نے کہا کہ پیٹرولیئم مصنوعات پر حد مقرر کرنے کا نظام فوری طور پر نافذ کیا جا رہا ہے۔جنوبی کوریا توانائی، خام مال اور زراعت کے لیے بڑے پیمانے پر توانائی درآمد کرتا ہے۔
بنگلہ دیش میں توانائی کی کھپت میں کمی کے لیے عید تک تمام یونیورسٹیاں بند
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران بنگلہ دیش میں توانائی کی کھپت میں کمی کے لیے ملک کی تمام یونیورسٹیوں میں عید الفطر کی چھٹیاں قبل از وقت دی جا رہی ہیں۔
روئٹرز کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اس لیے اٹھایا گیا کیونکہ نجی اور سرکاری یونیورسٹیوں میں بہت زیادہ بجلی استعمال ہوتی ہے۔
رمضان کے دوران بنگلہ دیش میں سرکاری اور نجی سکولوں میں پہلے سے چھٹیاں ہیں۔ یعنی اب ملک کے تمام تعلیمی ادارے عید کی چھٹیوں تک بند رہیں گے۔بنگلہ دیش اپنی توانائی کی 95 ضروریات کو امپورٹ کرتا ہے۔





