سری نگر: سری نگر کے اونتہ بھون صورہ علاقے میں آتشزدگی کے ایک ہولناک واقعے میں ایک تین منزلہ رہائشی مکان کو شدید نقصان پہنچا۔
ذرائع نے بتایا کہ اونتہ بھون صورہ میں جمعہ کی رات قریب 10 بجے ایک تین منزلہ مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے علاقے میں خوف و ڈر کا ماحول پھیل گیا۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آتشزدگی کے بارے میں اطلاع موصول ہوتے ہی فائر ٹنڈرس کو جائے موقع پر بھیج دیا گیا جنہوں نے آگ کو قابو میں لاکر مزید پھیلنے سے روک دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ایک تین منزلہ رہائشی مکان کو شدید نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی کی بات یہ ہے کہ کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔





