جموں، :نیشنل کانفرنس کےصدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے امریکہ – اسرائیل کے ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے خبر دار کیا ہے کہ اس جنگ کے اثرات عالمی سطح پر مرتب ہو سکتے ہیں اور یہاں تک کہ ایک وسیع جنگ کو جنم دینے کا خطرہ بھی ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو بھی اس پر ایک بیان دینا چاہئے۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘ایران ایک آزاد ملک ہے، امریکہ نے اس پر حملہ کیا، یہ غلط ہے، کسی دوسرے ملک پر حملہ کرنا غلط ہے، کسی بھی ملک کو کسی دوسرے ملک پر تسلط کرنے کا حق نہیں ہے، وینزویلا کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا گیا، یہ افسوسناک ہے’۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک کے ایک بیان دینا چاہئے۔
اس جنگ کے اثرات کے بارے میں پوچھے جانے پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا: ‘اس جنگ کے اثرات آنے والے دنوں میں پوری دنیا میں محسوس کیے جاسکتے ہیں اور یہ صورت حال ایک بڑے عالمی تنازعے کی طرف بڑھ سکتی ہے، ممکنہ طور پر تیسری عالمی جنگ میں بھی تبدیل ہوسکتی ہے’۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں میں غصہ ہے اس لئے احتجاج کر رہے ہیں۔





