سری نگر: وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر یک طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل بحال ہے تاہم آج یعنی جمعرات کو چھوٹی گاڑیوں کو جموں سے سری نگر جانے کی اجازت ہے۔
واضح رہے کہ قومی شاہراہ پر گذشتہ روز دو ہفتوں کے بعد ٹریفک کی جزوی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔
ٹریفک حکام نے جمعرات کی صبح بتایا کہ قومی شاہراہ کو تھاڈ کے مقام پر مکمل طور پر بحال نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے آج یعنی جمعرات کو قومی شاہراہ یک طرفہ ٹریفک کے لئے کھلی رہے گی اور چھوٹی گاڑیوں کو جموں سے سری نگر جانے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے قومی شاہراہ پر سفر کرنے والوں سے تاکید کی کہ وہ ایڈوائزری پر عمل کریں نیز لین ڈسپلن کے مطابق چلیں اور اوورٹیکنگ کرنے سے اجتناب کریں۔
لوگوں سے افواہوں پر کان نہ دھرنے کی بھی اپیل کی گئی۔
حکام نے بتایا کہ وادی کو صوبہ جموں کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ اور لداخ کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں شاہراہ پر ٹریفک حسب ایڈوائزری جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنتھن نروڈ بھی ایڈوائزری کے مطابق کھلا ہے۔
حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ سڑکوں کے بارے میں تازہ جانکاری حاصل کرنے کے لئے ٹریفک پولیس ٹویٹر ہینڈل، فیس بک پیج اور جموں، سری نگر اور رام بن میں واقع ٹریفک کنٹرول رومز کے ساتھ رابطہ کریں۔
دریں اثنا قومی شاہراہ پر ٹریفک بحال ہونے سے اہلیان وادی نے چین کی سانس لی ہے خاص طور پر باغ مالکان اور بیوپاریوں کی جان میں نئی جان آگئی ہے۔