منگل, اگست ۵, ۲۰۲۵
20.4 C
Srinagar

اپوزیشن کے ہنگامے کے باعث دونوں ایوانوں کی کارروائی دو بجے تک ملتوی

نئی دہلی،: لوک سبھا میں منگل کے روز بہار میں رائے دہندوں کی شناخت کے لیے چلائے جارہے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے معاملے پر اپوزیشن کے زبردست ہنگامے کی وجہ سےایوان کی کارروائی 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔
جیسے ہی لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے وقفہ سوال شروع کیا، اپوزیشن ارکان نعرے لگاتے ہوئے ایوان کے وسط میں آگئے۔ اس پر مسٹر برلا نے کہا کہ آپ وقفہ سوال نہیں چلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن ارکان سے اپیل کی کہ وہ ایوان کا وقار برقرار رکھیں۔
مسٹر برلا نے کہا کہ بار بار کی درخواست کے باوجود آپ ایوان کی عزت اور وقار کو کم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ بند طریقے سے ایوان میں خلل پیدا کرنا درست نہیں ہے۔
ہنگامہ آرائی کے درمیان زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں گزشتہ 11 برسوں میں کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے لیے کئی اسکیمیں نافذ کی گئی ہیں، جس کی وجہ سے لاکھوں کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے اور لاکھوں کسانوں کی آمدنی دوگنی ہوئی ہے۔
اسپیکر کی بار بار اپیل کے باوجود ہنگامہ آرائی نہ رکی جس کے باعث ایوان کی کارروائی 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔

اپوزیشن کے ہنگامے کے باعث راجیہ سبھا کی کارروائی دوپہر دو بجے تک ملتوی

بہار میں ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کے خصوصی عمل کو واپس لینے کا مطالبہ کرنے والی اپوزیشن جماعتوں نے راجیہ سبھا میں منگل کو بھی ہنگامہ کھڑا کیا جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔

ضروری قانون سازی کے دستاویزات ایوان کی میز پر رکھنے کے بعد ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے اراکین کو بتایا کہ انہیں رول 267 کے تحت تحریک التواء کے 34 نوٹس موصول ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام نوٹس قواعد کے مطابق نہیں ہیں، اس لیے انہیں قبول نہیں کیا گیا ہے۔

قبل ازیں انہوں نے ایوان کو بتایا کہ قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے نے انہیں یکم اگست کو ایک خط لکھا تھا اور اسپیکر کی کرسی کے قریب سی آئی ایس ایف اہلکاروں کی تعیناتی پر اعتراض کیا تھا۔ اس دوران اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کر شور مچانے لگے۔

ہنگامہ آرائی کے درمیان ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ یہ تشویشناک بات ہے کہ قائد حزب اختلاف نے تمام تر مریادہ کو بھلاکر اپنا خط میڈیا کو بھی جاری کردیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئر کی اپیل کے باوجود اپوزیشن بار بار قواعد کی خلاف ورزی کر رہی ہے اور کارروائی میں خلل ڈال رہی ہے۔ حتیٰ کہ اپوزیشن ارکان بھی ان ارکان کی نشستوں پر جا رہے ہیں جو ایوان میں اپنے خیالات پیش کر رہے ہیں اور وہاں ہنگامہ آرائی کر رہے ہیں۔

یہ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراکین کو اپنے طرز عمل کا خود جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چیئر کے قریب جگہ کی حد مقرر ہے لیکن اپوزیشن ارکان اس کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ چیئر کے قریب صرف مارشلز تعینات کیے گئے ہیں اور یہ بہت پرانی روایت ہے۔

مسٹر ہری ونش نے کہا کہ سیکورٹی اہلکار کسی کو نقصان پہنچائے بغیر اپنا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اراکین اپنی نشستوں سے اپنا جمہوری حق استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر سے کہا کہ ان کے پاس طویل پارلیمانی تجربہ ہے اور وہ غور کریں کہ کیا یہ درست طریقہ کار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی چیئرمینوں اور ڈپٹی چیئرمینوں نے اس پر وقتاً فوقتاً اپنا فیصلہ سناتے ہوئے اس طرح کے واقعات کو قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں ایوان میں اب تک 41 گھنٹے سے زیادہ وقت ضائع ہو چکا ہے۔ ایوان کو چلانا حکمران اور اپوزیشن جماعتوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے قائد حزب اختلاف پر زور دیا کہ وہ ارکان سے کہیں کہ وہ قواعد کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔

قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے نے کہا کہ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سی آئی ایس ایف اہلکاروں کی تعیناتی کی مخالفت کرنے کے لیے ایک خط لکھا تھا کیونکہ یہ ارکان کے جمہوری حقوق سے متعلق معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اس کی مذمت کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ سی آئی ایس ایف کے اہلکار مستقبل میں چیئر کے قریب نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خط انہوں نے پریس نوٹ کے لیے بھی دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خلل ڈالنا بھی جمہوری عمل کا حصہ ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم جمہوری طریقے سے احتجاج کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو خط پر کیا اعتراض ہے؟ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا عملہ مضبوط ہے اور آپ پولیس کو لا رہے ہیں۔
اس پر ڈپٹی چیئرمین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ قائد حزب اختلاف ایوان کو گمراہ نہ کریں۔ چیئر کی سکیورٹی کا کام پارلیمانی سکیورٹی ڈیارٹمنٹ کے لوگ کر رہے ہیں اور یہاں صرف مارشلز تعینات ہیں۔

یواین آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img